پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے محکمہ خصوصی تعلیم کے اشتراک سے انضمامی تعلیم کا منصوبہ لانچ کر دیا

جمعہ 5 اگست 2016 15:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اگست ۔2016ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے خصوصی بچوں کی انضمامی تعلیم کے ذریعے بحالی کے پائلٹ پروجیکٹ کے تحت سات منتخب اضلاع کے 194پارٹنر سکولوں میں 1251خصوصی طالب علموں کومفت تعلیم کی سہولت مہیا کر دی ہے، محکمہ خصوصی تعلیم کے مالی اشتراک سے شروع کردہ اس منصوبے کا مقصدمعمولی نوعیت کی معذوری کا شکار بچوں کو تعلیم کے ذریعے معاشرے کا مفید شہری بنانا ہے۔

یہ بات ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے سیکرٹری محکمہ خصوصی تعلیم عنبرین رضا کو انضمامی تعلیم کے منصوبے پر پیش رفت کاجائزے لینے کی غرض سے آج یہاں اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ اجلاس میں محکمہ خصوصی تعلیم اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایم ڈی پیف طارق محمود نے اجلاس کو بتایا کہ انضمامی تعلیم کا منصوبہ لاہور ،ملتان،وہاڑی،راولپنڈی،اٹک،جہلم اور چکوال کے اضلاع میں شروع کیا گیا ہے۔

اس منصوبے میں شامل پارٹنر سکولوں کے 268اساتذہ کی انضمامی تعلیم کے حوالے سے تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔اسی طرح متعلقہ سکولوں کو خصوصی بچوں کے لیے ریمپ بنوانے کے لیے فنڈز بھی مہیا کیے گئے ہیں۔ سیکرٹری خصو صی تعلیم عنبرین رضا نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے خصوصی بچوں کی شناخت کے ساتھ ساتھ انہیں تعلیم کے ذریعے بحالی کرنے میں نمایاں مددملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف قسم کی معذوری کا شکار بچو ں کو جدید معاون طبی آلات بھی مفت مہیا کیے جائیں گے تاکہ یہ طالب علم بغیر کسی دقت کے اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکیں۔

متعلقہ عنوان :