جی پی او چوک میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی،قتل عام ،کرفیو اور معاشی ناکہ بندی کیخلاف مظاہرہ

جمعرات 4 اگست 2016 18:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔4 اگست ۔2016ء) لاہور کے جی پی او چوک میں گزشتہ روز بھی ا لامُہ لائرز فور م اور تحریک آزادی کشمیر کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی،قتل عام ،کرفیو اور معاشی ناکہ بندی کے خلاف زبر دست مظاہرہ کیا گیا جس میں وکلاء اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کشمیر سے جابرانہ قبضہ چھڑانے کے لئے اعلان جہاد کیا جائے اوربھارت کے ساتھ تعلقات کی بنیاد مسئلہ کشمیر کو بنایا جائے۔

اس دوران مظاہرین بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ کی پاکستان آمد ،بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں مسلسل نعرے بازی کرتے رہے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے وکلاء رہنماؤں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں مخدوم جمیل فیضی ،راؤ طاہر شکیل،نعمان یحییٰ ،علی عمران شاہین،میاں محمد اشرف عاصمی،علامہ ممتاز اعوان، مفتی عاشق حسین،ڈاکٹر شاہد نصیر و دیگرنے کہا کہ بھارت نے گزشتہ چارہفتوں سے کشمیریوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر رہھی ہے۔

(جاری ہے)

مسلسل کرفیو اور سارے راستے بند ہونے کی وجہ سے زخموں سے چور کشمیری اور ان کے بچے اب فاقہ کشی کا شکار ہیں لیکن ساری مہذب کہلانے والی دنیا تماشائی بنی ہوئی ہے۔دنیا میں امن کی بربادی کی سب سے بڑی وجہ یہی دوہرا معیار ہے جس کے تحت دنیا بھر میں مسلمانوں کے ساتھ بلک الگ اور ہر جگہ صرف دشمنانہ سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو ظلم و ستم سے نجات دلانے اور بھارت کا کشمیر سے جابرانہ قبضہ چھڑانے کے لئے اعلان جہاد کیا جائے۔

بھارت کے خلاف پاکستان عالمی سفارتی مہم چلائے اور حریت کانفرنس کے چئیرمین سید علی گیلانی کے پیش کردہ امن فارمولے کو آگے بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔اہل پاکستان کشمیریوں کی مدد کے لئے آگے آئیں اور کشمیر آزاد کروا کر پاکستان کو مکمل و محفوظ بنائیں۔پاکستان کی بقا کشمیر کی آزادی کے ساتھ وابستہ ہے۔مظاہرین نے بھارتی مظالم کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی۔

متعلقہ عنوان :