آزاد کشمیر میں تعلیمی اصلاحات اور پروفیسرز کے مسائل کے حوالہ سے منتخب باڈی کو سنا جائے‘ایکٹا

جمعرات 4 اگست 2016 12:46

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اگست ۔2016ء) آزاد کشمیر کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن (ایکٹا) کی منتخب باڈی نو منتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے کالج اساتذہ کے دیرینہ حل طلب مسائل کے حل کی بھرپور توقع رکھتی ہے۔ مظفرآباد میں ایکٹا کے جنرل سیکرٹری پروفیسر راجہ فیصل اقبال نے مظفرآباد ڈویژن کے پروفیسر اینڈ لیکچررز کا ایک اہم اجلاس بلایا۔

اجلاس میں نو منتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر آزاد کشمیر کو تاریخی فتح پر مبارک باد پیش کی گئی۔ اجلاس سے جنرل سیکرٹری راجا فیصل اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالج اساتذہ کے پاس اس وقت کوئی پروموشن فارمولا موجود نہیں۔ کالج اساتذہ کے حق میں منظور شدہ ٹائم سکیل پروموشن فارمولا پر سابق حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے عملدرآمد ابھی تک نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

جبکہ سلیکشن بورڈ کے تحت 800 پروفیسرز کی ترقیابیاں عمل میں لائی جا چکی ہیں۔ لیکن محکمہ مالیات کی بدنیتی کی وجہ سے منظور شدہ سروس سٹرکچر کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر کار ہے۔ صدر ایکٹا پروفیسر محمد ایوب اور جنرل سیکرٹری راجا فیصل اقبال نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر میں تعلیمی اصلاحات اور پروفیسرز کے مسائل کے حوالہ سے منتخب باڈی کو سنا جائے۔

سردار محمد فاروق اور ملک محمد عرفان خود ساختہ صدر اور جنرل سیکرٹری ایکٹا خود کو ظاہر کر کے کالج اساتذہ کے مینڈیٹ کی توہین کر رہے ہیں۔ خود ساختہ صدر ایکٹا بن کر میڈیا کی زینت بننے والے عناصر یاد رکھیں کہ ایسے ہتھکنڈوں سے حکومت کو ورغلایا نہیں جا سکتا۔ ایسے شرپسند عناصر کی سرگرمیوں سے کالج اساتذہ کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی مذموم سازش ہے۔ جس کی کالج اساتذہ بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ اجلاس سے پروفیسر راجہ طارق عزیز، ضمیر حسین اعوان، شیخ اعجاز احمد، امتیاز بیگ، راجہ اشتیاق، راجہ آفتاب، راجہ ظہیر، راجہ شفیق، علی حسین کاظمی، نور حسین، پروفیسر خاقان، امجد حسین بٹ اور دیگر نے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :