نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف سید علی گیلانی اور میر واعظ کے احتجاجی دھرنے

سید علی گیلانی کے ہمراہ کارکنوں نے کافی دیر تک دھرنا دیا اور پھر پر امن طور پر منتشر ہوئے

جمعرات 4 اگست 2016 12:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 اگست ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور دیگر پابندیوں کے باوجود کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فورسزکے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف سرینگر میں احتجاجی دھرنے کی قیادت کی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی اورانکے ساتھیوں نے حیدر پورہ سرینگر میں انکی رہائش گاہ کے باہر دھرنا دیا ۔

دھرنے کے شرکاء نے پلے کارڈ ز اٹھا رکھے تھے جن پر ”کشمیر کو بچاؤ، کشمیریوں کی نسل کشیُ بند کرو اورگو انڈیا گو بیک “جیسے نعرے درج تھے ۔اس موقع پر انہوں نے نعرے بھی لگائے۔سید علی گیلانی کے ہمراہ کارکنوں نے کافی دیر تک دھرنا دیا اور پھر پر امن طور پر منتشر ہوئے۔تاہم اس موقعہ پر پہلے سے انکی رہائش گاہ کے باہر موجود پولیس اہلکاروں نے گیلانی کی رہائش گاہ کی طرف جانے والے راستے کی ناکہ بندی کر دی ۔

(جاری ہے)

ادھراپنے حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر کے علاقے نگین میں اپنی رہائش کے باہر سڑک پرکارکنوں اور مقامی لوگوں کے ہمراہ علامتی طور پر پْرامن احتجاجی دھرنادیا ۔ میرواعظ اور دھرنے میں موجود لوگوں نے مختلف بینر اٹھارکھے تھے جن پر ”کشمیریوں کا قتل عام بند کرو اور ریاستی دہشت گردی بند کرو “جیسے نعرے درج تھے ۔ اس موقعے پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میرواعظ نے کہاکہ پرامن دھرنے کا بنیادی مقصد کشمیر میں ریاستی دہشت گردی ، بے گناہوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی طرف عالمی برداری اور اقوام متحدہ کی توجہ مبذو ل کرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارت نے ظلم و تشدد اور ریاستی دہشت گردی کے تمام ریکاڑ توڑ دیے ہیں اور بے گناہ کشمیری عوام کو پْرامن احتجاج کا بھی حق نہیں ہے ۔