مسلم ٹاؤن پولیس کی ون ویلنگ کے خلاف مہم ،11ون ویلرز کو گرفتار

بدھ 3 اگست 2016 22:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء ) تھانہ مسلم ٹاؤن پولیس نے شہر میں جاری جان لیوا کھیل ون ویلنگ کے خلاف مہم کے دوران 11ون ویلرز کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے ۔تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی کہ ون ویلنگ کے خلاف جاری مہم کو کامیاب کر نے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کارلائیں جائیں اور ون ویلرز کی خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔

جس پرایس پی اقبال ٹاؤن عادل میمن نے ون ویلنگ روکنے کے لئے ایس ایچ او مسلم ٹاؤن محمد علی کی زیر نگرانی ٹیم تشکیل دے کر ون ویلرز کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ایس ایچ او مسلم ٹاؤن نے ماہرانہ منصوبہ بندی کر کے کینال روڈ نزد کیمپس پل پر ون ویلنگ کرتے ہوئے 11ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے۔

(جاری ہے)

ملزمان میں دانیال ، وقاص، شہر یار ،اقبال ، ثقلین ، رضا ،آفتاب اور عادل وغیرہ شامل ہیں ۔

ملزمان میں عادل نامی ملزم سے پسٹل بھی برآمد ہوا جس کو پولیس نے قبضہ میں کر کے تفتیش شروع کردی۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس موقع پرکہا کہ سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس کی خصوصی ہدایت پر ون ویلرز کے خلاف شہر میں کئے جانے والے کریک ڈاؤن کی رپورٹ نہ صرف روزانہ کی بنیاد پربجھوائی جائے گی بلکہ میں اس کریک ڈاؤن کو خود مانیٹر کیا کروں گااور کریک ڈاؤ ن میں بھر پور کردار ادا کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ون ویلنگ جیسے جان لیوا کھیل کو روکنے کے لئے لاہور پولیس کا ساتھ دیں اور ان کی زندگی اور قوم کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچائیں۔

متعلقہ عنوان :