رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے پاکستان کے مایہ ناز لیجنڈ ری کرکٹر لٹل ماسٹر حنیف محمد کی ہسپتال جاکرعیادت

بدھ 3 اگست 2016 22:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 اگست ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے بدھ کومقامی اسپتال جاکر پاکستان کے مایہ ناز لیجنڈری کرکٹر لٹل ماسٹر حنیف محمد کی عیادت کی اورقائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے ان کی خیریت دریافت کی ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے حنیف محمد کو گلدستہ پیش کیا اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔

انہوں نے ڈاکٹرز اور اسپتال کے عملے سے حنیف محمد کے علاج و معالجہ کے متعلق تفصیلات معلوم کیں اور زور دیا کہ حنیف محمد کے علاج و معالجہ میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی جائے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاورق ستار نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لٹل ماسٹر حنیف محمد پاکستان کا سرمایہ ہیں اور انہوں نے کرکٹ میں ہمیشہ پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حنیف محمد کے علاج و معالجہ پر پہلے حکومتی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث ان کی طبیعت روز بروز بگڑتی رہی ۔

انہوں نے کہاکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کا نام روشن کرنے والے اور ملک کو دنیا میں پہچان دلانے والے پاکستانیوں کی قدر کی جائے اور انہیں وہ مقام دیاجائے جو ان کا حق ہے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ پاکستان کا نام روشن کرنے والوں کو ان کے برے وقت میں یاد رکھے اور ان کی ہرممکن مدد و معاونت کرے۔

متعلقہ عنوان :