نہروں میں پانی کے بہاؤ کا متواتر جائزہ لینے کیلئے بین الاقوامی تعاون سے آر ٹی ایف ایم ایس پراجیکٹ کا آغاز

بدھ 3 اگست 2016 22:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء ) صوبائی وزیر آبپاشی وچیئرمین پیڈامیاں یاور زمان نے کہا ہے کہ نہروں میں پانی کے بہاؤ کا متواتر جائزہ لینے کے لئے بین الاقوامی تعاون سے آر ٹی ایف ایم ایس پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کی بدولت نہروں کے بہاؤ کا تازہ ترین ڈیٹا 24 گھنٹے محکمہ آبپاشی کی ویب سائیٹ سے ملاحظہ کیا جا سکے گا۔

یہ بات انہوں نے کسان تنظیموں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی،وفد کی قیادت پروگریسو فارمر چوہدری زُنیر فرید ایڈوکیٹ نے کی۔ اس موقع پر پیڈا کے جنرل مینجر چوہدری اصغر حمید ، ڈپٹی جنرل مینجر (ایڈمن) افضل انجم طوراور ڈپٹی جنرل مینجر (سوشل موبلائزیشن) سید شائق حسین عابدی بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر میاں یاور زمان نے اپنی گفتگو کے دوران بتایا کہ ابتدائی طورپر رئیل ٹائم فلو مانیٹرنگ سسٹم کا آغاز ایسٹرن صادقیہ کینال ، لنک کینالز اور بیراجوں سے کیا جائے گا جس کے نتائج کی بنا پر یہ نظام مرحلہ وار صوبہ بھر میں رائج کر دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ پر لاگت کاتخمینہ 224 ملین روپے لگایا گیا ہے جو کہ ایک سال میں مکمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ رئیل ٹائم بہاؤ کی مانیٹرنگ سے پنجاب حکومت کی ٹرانسپرنسی پالیسی مزید نکھر کر سامنے آئیگی جبکہ دوسرے صوبوں کے لوگ بھی پنجاب کی نہروں کے ڈیٹا سے آگاہ ہو سکیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت کے اس اقدام سے بین الصوبائی اعتماد کو فروغ ملے گا۔

صوبائی وزیر آبپاشی نے کسان وفد سے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے مزیدکہا کہ محکمہ آبپاشی نہروں کے بہاؤ کی مانیٹرنگ کے روایتی طریقوں سے ہٹ کر کمپیوٹرائزڈ مانیٹرنگ کا نظام اپنا چکا ہے جس کی بدولت تمام نہروں میں پانی کے بہاؤ کا ڈیٹا ویب سائٹس پر آویزاں کر دیا جاتاہے تا ہم رئیل ٹائم مانیٹرنگ کا نظام وضع کئے جانے سے نہروں میں پانی کے لائیو بہاؤ کو ہر وقت مانیٹر کیا جا سکے گا۔

متعلقہ عنوان :