آئیسکو میں کارکنوں کے تحفظ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،پاکستان کی نمبر ون بجلی کمپنی کے لائن سٹاف کے پاس حفاظتی آلات بھی نمبر ون ہوں گے

چیف ایگزیکٹوآئیسکو رانا عبدالجبارخان کا سیفٹی سیمینار سے خطاب

بدھ 3 اگست 2016 21:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 اگست ۔2016ء ) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر رانا عبدالجبارخان نے لائن سٹاف پر زور دیا ہے کہ وہ بجلی کی تنصیبات پر کام کے دوران اپنی زندگی کی حفاظت کو مقدم جانیں اور ضروری حفاظتی آلات کے بغیر ہرگزکام نہ کریں آئیسکو میں کارکنوں کی زندگیوں کے تحفظ کے حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزآل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرزیونین( سی بی اے) کے زیر اہتمام کمیونٹی ہال آب پارہ میں ’’سیفٹی سیمینار‘‘ سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یونین کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ کی صدارت میں ہونے والے سیمینار میں ریجنل سیکرٹری حاجی ظاہر گل، محمد رمضان جدون، راجہ خلیل اشرف،ملک فتح خان ، طارق نیازی، سجاد حسین ساجد، چوہدری اکرم، ظفر وڑائچ، ثمر حسین بخاری،سید، رحیم شاہ، سکندر حیات سندھو، خرم نسیم بٹ، حاجی عادل حسین، شفیق الرحمن، سیار خان، انارگل، میاں بلال،ملک عبدالقادر، حمید اﷲ کاظمی، سردار وقار احمد ، ڈی جی ایڈمن محمد مشتاق، جی ایم آپریشن باسط زمان،ایس ای اسلام آباد سرکل راجہ اصغر، ڈپٹی ڈائریکٹر سیفٹی جہانگیر خان، آئیسکو انجینئرز ایسوسی ایشن کے صدر سید عالم، سیکرٹری مظہر جتوئی اور دیگر افسران، یونین عہدیداران اور کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ہمیں اپنے کارکنوں کی جان سب سے زیادہ عزیز ہے اسلئے ان کی پیشہ ورانہ صحت و سلامتی کیلئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا انشاء اﷲ پاکستان کی نمبر ون بجلی کمپنی کے پاس حفاظتی آلات بھی نمبر ون ہوں گے لائن سٹاف کو سٹور سے ٹی اینڈ پی کے حصول کیلئے کسی افسر سے منظوری کی ضرورت نہیں آئندہ کوئی حادثہ ہوا تو اوپر سے نیچے تک ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی ۔

آئیسکو میں سٹاف کی کمی پوری کرنے کیلئے جلد نئی بھرتی شروع کی جائے گی اور اس میں ریٹائرڈ اور حادثات کا شکار ہونے والے ملازمین کے بچوں کو ترجیحی بنیاد پر اکاموڈیٹ کیا جائے گا۔انہوں نے کارکنوں کو تاکید کی کہ مجاز افسران کی تحریری اجازت اورمعیاری حفاظتی آلات کی دستیابی کے بغیر ہائی ٹینشن لائنوں پرکسی صورت میں بھی کام نہ کریں۔ قبل ازیں ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ نے سیمینار میں آمد پر چیف ایگزیکٹو آئیسکو کا شکریہ ادا کیا انہوں نے اپنے خطاب میں آئیسکو میں دوران کار حادثات اور ان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تشویش اور دکھ کا اظہارکرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لائن سٹاف کیلئے تمام ضروری حفاظتی آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور کمپنی میں سیفٹی کلچر کو فروغ دیا جائے۔

جاوید بلوچ نے چیف ایگزیکٹو کو یقین دلایا کہ یونین ادارے کی ترقی اور کارکنوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :