محکمہ انہار کی غیر ذمہ داری اور نا قص منصوبہ بندی،لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژنوں کی انتظامیہ کی نیندیں حرام ہو گئیں

شیخوپورہ اور گوجرانوالہ کے اضلاع کو برساتی اور سیلابی پانی سے بچانے کیلئے ذمہ داروں نے سر جوڑ لیے متنازعہ بند بارے رپورٹ تیار کرکے اعلیٰ حکام کو ارسال کرنے ،علاقہ کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق

بدھ 3 اگست 2016 21:38

مریدکے(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔3 اگست ۔2016ء) محکمہ انہار کی غیر ذمہ داری اور نا قص منصوبہ بندی نے لاہور اور گوجرانوالہ ڈویژنوں کی انتظامیہ کی نیندیں حرام کر دیں۔ شیخوپورہ اور گوجرانوالہ کے اضلاع کو برساتی اور سیلابی پانی سے بچانے کے لیے دونوں ڈویژنوں کے ذمہ داروں نے سر جوڑ لیے۔ متنازعہ بند کے بارے میں رپورٹ تیار کرکے اعلی حکام کو ارسال کرنے پر اتفاق اور علاقہ کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے پر اتفاق۔

تفصیل کے مطابق ضلع شیخوپورہ اور ضلع گوجرانوالہ کے علاقوں کو برساتی اور سیلابی پانی سے بچانے کے لیے سینئر ممبر ریونیوبورڈ پنجاب جواد رفیق کی سربراہی میں ٹی ایم اے مریدکے میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن کیپٹن(ر) آصف، ڈی سی او عامر جان، اے ڈی سی جی طارق قریشی، ڈی سی او شیخوپورہ ارقم طارق، اسسٹنٹ کمشنر مریدکے امیرا بیدار، اسسٹنٹ کمشنر کامونکے ڈاکٹر رابعہ ریاست، تحصیلدار کامونے جاوید احمد کے علاوہ ایکسئن ڈرینج شیخوپورہ صداقت لطیف، ایس ڈی او رانا صادق، سب انجینئر ناصر وڑائچ ، ٹی ایم او مریدکے قاضی عابد قیوم نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تمام سرکاری افسران نے اجلاس سے قبل مریدکے نارووال کے علاقوں چکی خورد، اونچا پنڈ، ننگل دونا سنگھ، ننگل عیسیٰ اور بھونڈری وغیرہ کا دورہ کیا اور ڈرین گھڑیال کلاں سے نکلنے والے سیم نالہ پر چکی خورد کے مقام پر دیہاتیوں کے طرف سے اپنی مدد آپ کے تحت باندھے جانے والے بند کا جائزہ لیا گیا۔ انتظامیہ کے افسران کے دورہ اور تفصیلی جائزہ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ محکمہ اری گیشن نے سیلابی اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاوٴ اور ان کے گزرگاہ کے علاقوں کو تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے اور بند ٹوٹنے کے حالیہ واقعات کے دوران ٹی ایم اے مریدکے کی انتظامیہ نے بر وقت کارروائی کرکے رہائشی علاقوں کو پانی کی تباہ کاریوں سے بچایا ہے۔

چکی خورد کے مقام پر دیہاتیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بند باندھ لیا جس کے باعث ضلع شیخوپورہ اور ضلع گوجرانوالہ کے دیہاتیوں کے درمیان آئے روز لڑائی جھگڑا ہوتا رہتا ہے۔ انتظامیہ آفیسران نے فیصلہ کیا کہ محکمہ اری گیشن کی مشاورت سے اس بند کے فوائد اور نقصانات کا تفصیل جائزہ لے کر اس کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ محکمہ اری گیشن نے آج تک پانی کی روک تھام کے لیے کوئی منصوبہ بند ی نہیں کی اور بھل صفا ئی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے ۔

محکمہ کی نا اہلی کے باعث جگہ جگہ سے کٹ لگا کر انہار کا انفراسٹرکچر تباہ کیا جا رہا ہے مگر محکمہ ابھی تک خواب غفلت کے مزے لے رہا ہے۔ آدھی رات کے وقت برساتی نالوں کے بند توڑ دیئے جاتے ہیں جبکہ نا لہ ڈیک کی تعمیر میں ایگزٹ پوائنٹ کی طرف نظر بھی نہیں ڈالی گئی۔ تمام افسران نے دونوں اضلا ع کو سیلابی اور برساتی پانی سے بچانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر عمل درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے

متعلقہ عنوان :