600 افراد کو غیر قانونی طریقے سے ہانگ کانگ بھجوا یا ٗ انسانی سمگلر کا انکشاف

بدھ 3 اگست 2016 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء) انسانی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار ملزم خادم حسین کے انکشافات نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہلا کر رکھ دیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے نے ایک ملزم خادم حسین کو انسانی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کر رکھا ہے ٗ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کا ملک میں 36 افراد پر مشتمل نیٹ ورک ہے جس میں خواتین بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ملزم ہانگ کانگ کی لڑکی کی شناخت پر پاکستانی لڑکیوں کو بھجواتا تھا اور اس نے ہانگ کانگ کی شہریت یافتہ لڑکی کے کاغذات پر 4 شادی شدہ جوڑوں کو بھجوایا اور وہ اب تک 600 افراد کو غیر قانونی طریقے سے ہانگ کانگ بھجوا چکا ہے ۔ملزم خادم حسین نے دوران تفتیش مزید انکشاف کیا کہ وہ جعلی شناختی کارڈ اور جعلی نکاح نامے بنوانے میں بھی ملوث ہے اس نے ایک غیر ملکی خاتون کا 4 مرتبہ جعلی شناختی کارڈ بنوایا۔ ایف آئی اے نے ملزم خادم حسین کی نشاندہی پر ملک بھر سے 15 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا گیا۔