سپریم کورٹ نے داسو ڈیم کے تعمیراتی منصوبہ کی حتمی نیلامی کیخلاف حکم امتناعی بر قرار رکھا

بدھ 3 اگست 2016 21:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے داسو ڈیم کے تعمیراتی منصوبہ کی حتمی نیلامی کیخلاف حکم امتناعی بر قرار رکھا۔ بدھ کوچیف جسٹس انورظہیرجمالی کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے نیلامی میں شرکت سے روکنے کیخلاف چائنہ پاؤر کنسٹرکشن کمپنی کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس رٹ کا فیصلہ ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے کیا ہے اسلئے سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ ہی اس اپیل کی سماعت کریگا تاہم فی الوقت بینچ دستیاب نہیں ٗمخالف وکیل نے عدالت سے کہاکہ یہ ڈیم کی تعمیرکامعاملہ ہے جس میں تاخیرسے منصوبے کونقصان پہنچ رہاہے۔

درخواست گزارکمپنی چائنہ پاور کے وکیل سلمان بٹ نے کہاکہ اب تک ڈیم کاصرف چارفیصد کام ہوچکاہے اوراس حوالے سے کوئی ہنگامی حالت نہیں، اسلئے استدعا ہے کہ حکم امتناعی میں توسیع کوبرقراررکھا جائے جس پرعدالت نے حتمی نیلامی کے خلاف جاری حکم امتناعی میں توسیع کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء چیف جسٹس کی سربراہی میں اسی بنچ نے حج پالیسی سے متعلق عدالتی فیصلے پر عدم عمل درآمد کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔

اس موقع پر درخواست گزارکے وکیل شاہ خاور نے پیش ہوکرموقف اپنایاکہ حج پالیسی کے بارے میں 2013ء کے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ درخواست 2013/14کے عدالتی فیصلوں پرعملدرآمد نہ کئے جانے کیخلا ف دائرکی گئی ہے حال ہی میں ہم نے حج کوٹہ کیس کا مختصر فیصلہ سنایا ہے، تفصیلی فیصلہ آنے دیا جائے جس میں وجوہات بھی بیان کی جائیں گی۔ اس کے بعد ہم دیکھیں گے کہ توہین عدالت ہوئی ہے یا نہیں۔ بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :