حکومت بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہ دے کر جمہوریت دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے، انجینئر یاسر گیلانی

بدھ 3 اگست 2016 19:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔3 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے اپنے من پسند امیدواروں کو الیکشن جتوانے کیلئے شوآف ہینڈز کی ترمیم کی ہے جبکہ بلدیاتی عہدیداروں کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے کرانا آئینی تقاضہ ہے۔ بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے ایک مدت گزرنے کے باوجود اس نظام کا اب تک فعال نہ ہونا اور منتخب عوامی نمائندوں کو اختیارات نہ ملنا حکمرانوں کی جانب سے اس نظام کو قبول نہ کرنے کی چغلی کھارہا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں سے جاری ایکب بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ پہلے ہی خفیہ رائے شماری کے حق میں اپنا فیصلہ دے چکی ہے۔ ہائیکورٹ میں دائر درخواستیں غیرموثر ہو گئی ہیں تو اب حکومت کو بلدیاتی نظام میں مزید روڑے اٹکانے سے گریز کرنا چاہیے اور اسے اپریشنل کرکے عوام کو اس سے مستفید ہونے دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کی کامیابی درحقیقت جمہوری نظام کی کامیابی ہے کیونکہ جمہوریت کی عمارت بلدیاتی نظام کی بنیادوں پر ہی کھڑی ہے لیکن حکومت بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہ دے کر جمہوریت دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے۔