حافظ آباد، معمولی جھگڑے پر سسرالیوں نے بہو کو تیل چھڑک کر آ گ لگا دی،ہسپتال میں جاں بحق

بدھ 3 اگست 2016 19:58

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 اگست ۔2016ء ) حافظ آباد میں بچوں کو پہلے کھانا دینے کے معمولی جھگڑے پر سسرالیوں نے بہو کو تیل چھڑک کر آ گ لگا دی۔موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد خاتون ہسپتال میں دم توڑ گئی ،مقتولہ تین بچوں کی ماں تھی۔پولیس تھانہ سٹی نے مقتولہ کی ساس اور نند کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔

ڈھوڈال آزاد کشمیر کی رہائشی ثوبیہ بی بی کی پندرہ سال قبل حافظ آباد کے علاقہ کشمیر نگر میں جاوید اقبال نامی شخص سے پندرہ سال قبل شادی ہوئی،ثوبیہ تین بچوں کی ماں اور اس کا خاوند رکشہ ڈرائیور ہے دو روز قبل ثوبیہ بی بی کا اپنی ساس اور نند سے جھگڑا ہوا جس پر مبینہ طور پر اس کی ساس سلیم اختر اور نند زہرہ بی بی نے اس پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی جس سے وہ بری طرح جھلس گئی ۔

(جاری ہے)

ثوبیہ بی بی کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ہسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ثوبیہ نے مرنے سے پہلے ویڈیو بیان ریکارڈ کروایا کہ اسے اسکی ساس اور نند نے آگ لگائی ہے۔ مقتولہ کی والدہ اور دیگر رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ بچوں کو پہلے کھانے دینے پر اسکی ساس اور نند نے اسے پہلے تشدد کا نشانہ بنایا پھر اس پر تیل چھڑ ک کر آگ لگا دی جس سے وہ بری طرح جھلس گئی اور ہسپتال میں دو روز زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئی پولیس تھانہ سٹی نے مقتولہ کے والد کی درخواست پر ملزمان اختر بی بی اور زہرہ بی بی کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔

ایس ایچ او علی اکبر چٹھہ کے مطابق مقدمہ میں شامل دونوں خواتین سے واقعہ کی انکوائری کی جارہی ہے اور اس واقعہ کی ہر لحاظ سے میرٹ پر تفتیش کی جا رہی ہے ۔مقتولہ ثوبیہ کی لاش پوسٹمارٹم اور ضروری کاروائی کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :