چائلڈ لیبر خاتمہ منصوبہ،دس اضلاع کے 1662بچوں کو فارمل اور نان فارمل سکولوں میں داخل کروادیا گیا

15سے 18سال کے 1265بالغ افراد کو 6ماہ کے فنی تربیتی پروگرام کے تحت ووکیشنل اداروں میں داخل کروایا گیا نئے تعینات ہو نے والے سیکرٹری لیبر سہیل شہزاد کی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور سے ملا قات ، محکمانہ بریفنگ دی گئی

بدھ 3 اگست 2016 19:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 اگست ۔2016ء ) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر سے بچوں کی مشقت کاخاتمہ ہر صورت یقینی بنائیں گے ۔محکمہ شماریات پنجاب کی طرف سے جاری صوبائی چائلڈ لیبر سروے سے حاصل ہونے والے اعدادوشمار کی روشنی میں آٹو ورکشاپس ، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس ، پٹرول پمپس اور سروس اسٹیشنز پر چائلڈ لیبر میں مصروف 15 سال سے کم عمر بچوں کو متحرک اور فعال این جی اوز کے تعاون سے سوشل موبلائزیشن کے ذریعے والدین اور مالکان کو قائل کرنے کے بعد متحرک اور فعال این جی اوز کے تعاون سے فارمل اور نان فارمل سکولوں میں داخل کروایا جا رہا ہے ۔

بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، ملتان،گوجرانوالہ،سیالکوٹ ، شیخوپورہ ، اوکاڑہ ، خانیوال اورحافظ آباد کے 15سال سے کم عمر 1662بچوں کو ابتدائی مرحلہ میں سکولوں میں جبکہ 15سے 18سال کے 1265 بالغ افراد کو لٹریسی و سکلز ٹریننگ کے 6ماہ پر محیط فنی تربیتی پروگرم کے تحت پنجا ب ووکیشنل ٹریننگ کو نسل کے تعاون سے مختلف ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں داخل کروایا جا چکا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات آج نئے تعینات ہونے والے سیکرٹری محکمہ لیبر وانسانی وسائل سہیل شہزاد سے ملاقات کے دوران کہی،جنہیں اس موقع پر مختلف منصوبوں بارے محکمانہ بریفنگ بھی دی گئی ۔ ڈی جی لیبر محمد سلیم حسین ، سیکرٹری پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ شاہد زمان لک ،پنجاب اربن یونٹ نوید احسن کے متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ محکمہ لیبر کے زیر تحت صنعتی مزدوروں کی فلاح وبہبود کے تمام منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے، لیبر ویلفیئر کمپلیکس وار بر ٹن ننکانہ صاحب ، ورکرز ویلفیئر بوائز پرائمری سکول شیر ِبنگال کالونی رانا ٹاؤن اورورکرز ویلفیئر ہائی سکول فار گرلز ڈنڈوت کا تعمیراتی کام اسی ماہ مکمل کر لیا جائے گا جبکہ لیبر کالونی ملتان کا تعمیراتی کام جون 2017 ء تک مکمل ہو گا ۔

سیکرٹری ورکرز و یلفیئر بورڈ شاہد زمان لک نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے گذشتہ 5 سال میں ویلفیئر گرانٹس کی مد میں سات بلین روپے مستحق افراد میں تقسیم کئے جبکہ مزدوروں اور صنعتی کارکنوں کے میڈیکل کالجز میں پڑھنے والے 1600 اور کامسیٹ میں زیر تعلیم 1000 بچوں کو بھی تعلیمی وظائف باقاعدگی سے ادا کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی گنجان آبادی والے 9 اضلاع میں ویلفیئر گرانٹس کی کمپیوٹرائزیشن کے کام کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اور سافٹ وئیر سسٹم کو چلانے کیلئے وفاقی ورکرز ویلفیئر بورڈ کی گورننگ باڈی نے ٹیکنیکل سٹاف کی بھرتی کی اجازت بھی دے دی ہے جس کے بعد ویلفیئر گرانٹس کے معاملات میں موجود کسی بھی ممکنہ کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو گا اور مستحقین کو اُن کا حق وقت پر ملے گا ۔

وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ مزدوروں اور محنت کشوں کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور تندہی سے ادا کریں تاکہ مزدور طبقہ ان فلاحی منصوبوں سے بھرپورطریقے سے استفادہ کر سکے۔

متعلقہ عنوان :