آل پاکستان ٹیکنیکل ڈرافٹسمین فیڈریشن پنجاب ، لاہور ڈویژن کا سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر پنجاب مدثر ریاض ملک کے مظاہرین سے مذاکرات ، یقین دہانی کے بعد احتجاج 10اگست تک موخر

بدھ 3 اگست 2016 19:35

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء) آل پاکستان ٹیکنیکل ڈرافٹسمین فیڈریشن پنجاب اور لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام سول سیکرٹریٹ لاہور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت سے کیے گئے اپ گریڈیشن کے مطالبات درج تھے اس کے ساتھ ساتھ مظاہرین ٹیکنیکل سٹاف کی اپ گریدیشن نہ کیے جانے پر حکومتی بے حسی اور نارو اسلوک پر سخت احتجاج کر رہے تھے۔

جس میں صوبائی جنرل سیکرٹری محمود مختار چشتی نے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب سے اپیل کی کہ ٹیکنیکل ڈرافٹسمین سٹاف کو فوری طور پر اپ گریڈ کیا جائے کیونکہ حکومتی مراعات کا تمام رخ کلیریکل سٹاف کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ ڈرافٹسمین کلاس پورے پنجاب کے مختلف محکمہ جات میں تقریباً2483 کی تعداد میں ہیں اس مختصر تعداد کے باوجود ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

بڑی بڑی سرکار ی عمارات ،پل ، سڑکیں ، پلازے وغیرہ کے نقشہ جات کی تیار ی سے لیکرانکے مکمل ہونے تک کا تمام ریکارڈ ڈرافٹسمین تیار کرتے ہیں ۔1977 سے لیکر 2007 تک ڈرافٹسمین کلاس جو کہ کلیریکل سٹاف سے سکیل میں زیادہ تھے حکومت کے غیر مساوی سلوک کی وجہ سے پہلے2007اور پھر2016میں کلریکل سٹاف کی پوسٹوں کو دو مرتبہ اپ گریڈ کیا گیا لیکن ٹیکنیکل ڈرافٹسمین کلاس کے ملازمین کو دونوں مرتبہ جن میں ٹریسر، ڈرافٹسمین، ہیڈ ڈرافٹسمین ، سرکل ہیڈ ڈرافٹسمین، چیف ڈرافٹسمین کو نظر انداز کیا گیاجو کلیریکل سٹاف 1977میں ڈرافٹسمین کلاس سے کئی گنا درجے میں جونئیر تھا ان کو کئی درجے سینئر کر دیا گیا۔

پنجاب کے تقریباً تمام چیف انجینئر ز نے اپنے سیکرٹری صاحبان کو اور سیکرٹری صاحبان نے سیکرٹر ی فنانس کو ڈرافٹسمین کلاس کی فوری اپ گریڈیشن کرنے کی سفارش کی لیکن بد قسمتی سے تعداد میں کمی کی وجہ سے تا حال کو ئی شنوائی نہ ہوئی ہے۔ لہذا حکومتِ وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد ٹیکنیکل ڈرافٹسمین کلاس کو جس میں ٹریسر، ڈرافٹسمین، ہیڈ ڈرافٹسمین ، سرکل ہیڈ ڈرافٹسمین، چیف ڈرافٹسمین کو فوری طور پر اپ گریڈ کیا جائے۔

دوران احتجاج سول سیکرٹریٹ سے ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر پنجاب مدثر ریاض ملک نے مذاکرات کے لیے بلایا جن سے مرکزی قائدین محمود مختار چشتی ،سید آفتاب احمد بخاری،حاجی محمد نواز اور محمد معصوم نے مذاکرات کیے ۔جس میں انہوں نے پندرہ دن کا ٹائم مانگا۔اور اپ گریڈیشن کروانے کا وعدہ کیا ہے۔ اور ایڈیشنل سیکرٹری کی یقین دہانی کے بعد 10-08-2016کا دھرنا ملتوی کیا جاتا ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔