ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کا بنیوولینٹ فنڈ بورڈ کے دفاتر کا دورہ

گرانٹس کے چیک آئندہ کورئیر سروس کے ذریعے سرکاری ملازمین کے گھروں میں بھجوائے جائیں گے

بدھ 3 اگست 2016 19:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے الفلاح بلڈنگ چیئرنگ کراس مال روڈ لاہور میں واقع پنجاب گورنمنٹ سرونٹس بنیوولینٹ فنڈ بورڈ کے دفاتر کا دورہ کیا اور وہاں شادی گرانٹ ، تعلیمی گرانٹ ، کفن دفن گرانٹ اور سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے حوالے سے دیگر گرانٹس اور سکالر شپ کے حصول کے لئے الفلاح بلڈنگ میں آئے ہوئے سائلین سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر انہوں نے سائلین کی جانب سے بتائی گئی دشواریوں اور جائز شکایات کا فوری ازالہ کرنے کے سلسلے میں ضروری احکامات جاری کیے اور بڑی تعداد میں زیر التوا کیسز کو اپنی مو جودگی میں پا یہ ء تکمیل تک پہنچایا ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے سیکرٹری پنجاب بنیوولینٹ فنڈ بورڈ صاحبزادی وسیمہ عمر کو ہدایت کی کہ الفلاح بلڈنگ میں ویلفیئر کے حوالے سے رجوع کرنے والے سرکاری اہلکاروں کی راہنمائی کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ ریسپشن ایریا (انتظارگاہ) تعمیر کی جائے اوربنیوولنٹ فنڈ سے متعلقہ تمام امور ’’آن لائن ‘‘ کرنے کے لئے ضروری اقدامات بلا تاخیر مکمل کئے جائیں تاکہ درخواست گزار سرکاری ملازمین زیادہ سے زیادہ سہولت کے ساتھ اپنا حق وصول کر سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بورڈ سے منسلک تمام افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ مختلف گرانٹس کے اجراء کا کو ئی بھی کیس بلا جواز ایک دن کے لئے بھی زیر التوا نہ رکھا جائے ۔ شمائل احمد خواجہ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ سرکاری ملازمین کو اپنی گرانٹس کے چیک وصول کرنے کے لیے بار بار پنجاب بنیوولینٹ فنڈ بورڈ کے دفتر میں آنے کی زحمت دینے کی بجائے آئندہ کورئیر سروس کے ذریعے متعلقہ چیکس ان کے گھروں میں بھجوائے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :