پشاور،انجینئرنگ یونیورسٹی میں فائنل ائیر طلباء کے پراجیکٹس کی نمائش

نمائش میں کل38پراجیکٹس نمائش کیلئے رکھے گئے ، 190طلباء نے حصہ لیا

بدھ 3 اگست 2016 18:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء) انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میں مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے فائنل ائیر کے طلباء کے پراجیکٹس کی نمائش گذشتہ روزمنعقد ہوئی۔ جس میں کل38پراجیکٹس نمائش کیلئے رکھے گئے تھے جس میں تقریباً 190طلباء نے حصہ لیا۔ پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین،وائس چانسلر انجینئرنگ یونیورسٹی پشاورنے نمائش کا افتتاح کیا اور بعد ازاں پراجیکٹس کا معائنہ بھی کیا۔

انہوں نے طلباء کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے طلباء پر فخر ہے جو کہ تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کے ساتھ ساتھ تخلیقی کاموں میں بھی اپنی مثال آپ ہیں۔ جیسا کہ آج اس نمائش سے ظاہر ہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کی خاص بات یہ ہے کہ طلباء نے تخلیقی کام کے ساتھ ساتھ تحقیق کو بھی اپنے پراجیکٹس کا حصہ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین نے کہا کہ اس نمائش میں خاص بات یہ ہے کہ صوبہ کی نمایاں انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے تاکہ انڈسٹری اور طلباء کے مابین فاصلہ کم کیا جا سکے۔

انہوں نے انڈسٹری پربھی زور دیا کہ اپنی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے طلباء کو موقع دیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلا سکیں۔ نمائش کا انعقاد ڈاکٹرعالم زیب اور ڈاکٹر عبدالشکور کی زیرِ نگرانی کیا گیا ۔نمائش کیلئے خیبر پختونخواہ آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹد، ASMEاور ASHRAEسٹوڈٹنس سوسائٹیز نے مدد فراہم کی۔

مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر فیکلٹی پر مشتمل ایک کمیٹی نے تمام پروجیکٹس کی جانچ پڑتال کی اور 38میں سے تین پروجیکٹس کو بہترین قرار دیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر نعیم خٹک، چئیرمین مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر خضر اعظم، رجسٹرار یوای ٹی پشاور ، امجد علی انچارج ٹیکنیکل ڈویژن، خیبر پختونخواہ آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹد اور دیگر سینئر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

آخر میں وائس چانسلر یوای ٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین نے جیتنے والے طلباء میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں۔ پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو بالترتیب 15000،10000، اور 5000روپے دئیے گئے۔ جبکہ چھ پراجیکٹس کو مختلف انعامات کے حوالے سے چار چار ہزار روپے کے انعامات دئیے گئے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تمام کیش انعامات KPOGCLکی طرف سے دئیے گئے۔

متعلقہ عنوان :