پارٹنر سکولوں کے دروازے ہر مستحق بچے پر کھلے ہیں‘طارق محمود

پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے نجی سکولوں سے پارٹنرشپ کر کے تعلیم کو ہر بچے کا مقدر بنادیا ہے

بدھ 3 اگست 2016 17:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء ) منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے کہاہے کہ پارٹنر سکولوں کا تعلیمی درجہ بڑھانے کے حوالے سے متعلقہ تعلیمی پروگرام کے قواعدو ضوابط کی روشنی میں جامع پالیسی وضع کی جائے گی تا کہ ضرورت مند بچے اپنے گھروں کے نز دیک تعلیمی سلسلہ جاری رکھ سکیں۔یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ہفتہ واررابطہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کہی۔

ڈپٹی ایم ڈی(آپریشنز)، پروگرام ڈائریکٹرز اور دیگر افراد نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بے وسیلہ بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کے منصوبوں پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایم ڈی پیف نے ہدایت کی کہ پارٹنر سکولوں کے تعلیمی معیار کا جائزہ لینے کی غرض سے سالانہ بنیادوں پر منعقد ہونے والے کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ کی موثر نگرانی اور شفافیت کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے لیے مانیٹرنگ کا مربوط نظام وضع کیا جائے، اس طرح کوالٹی ایجوکیشن کا مطلوبہ معیار بر قرار رکھنے میں مدد ملے گی اور پارٹنر سکولوں میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مسابقت کا صحت مند رجحان پیدا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹنرسکول اپنے تعلیمی ریکارڈ کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کریں ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق تعطیلات گرما میں سمر سکول کی اجازت نہیں ۔اس حوالے سے خلاف ورزی کی صورت میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔ایم ڈی طارق محمود نے پارٹنر سکولوں کے تعلیمی معیارکو بہتر بنانے کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے نجی سکولوں سے پارٹنرشپ کر کے تعلیم کو ہر بچے کا مقدر بنادیا ہے۔ اب وسائل کی کمی کسی بچے کی راہ میں حائل نہیں ہوگی اور پارٹنر سکولوں کے دروازے ہر مستحق بچے پر کھلے ہیں تا کہ وہ تعلیم کے ذریعے اپنا مقدر سنواریں۔

متعلقہ عنوان :