ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر فوزیہ سعید کاپاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کا دورہ

بدھ 3 اگست 2016 16:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 اگست ۔2016ء) ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر فوزیہ سعید نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن اسلام آباد کا دورہ کیا۔ پی بی سی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں انہیں پی بی سی کے کنٹرولر ڈاکٹر حسن فاروقی نے خوش آمدید کہا۔اس موقع پر ڈائریکٹر پروگرامز خورشید احمد ملک صاحب نے اپنے دفتر میں ڈاکٹر فوزیہ کو خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ میں ڈاکٹر فوزیہ کو ان کے کاموں کے حوالے سے پہلے ہی جانتا ہوں اور مجھے خوشی ہے کہ آج آپ ریڈیو تشریف لائیں۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی اور دونوں اداروں کے ذمہ داران نے پاکستانی ثقافت کے حوالے سے مل کر کام کرنے کے امکانات کے حوالے سے بات چیت کی۔ بعد ازاں کنٹرولر پروگرامز فیاض بلوچ صاحب سے ریڈیو کے علاقائی زبانوں کے حوالے سے نشر ہونے والے پروگرامز کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فوزیہ سعید نے لوک ورثہ علاقائی زبانوں کے حوالے سے لوک ورثہ کے تحت ہونے والے پروگراموں کے متعلق بریف کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو پی بی سی سنٹرل پروڈکشن یونٹ کا دورہ کروایا گیا۔ جہاں کنٹرولر سنٹرل پروڈکشن گل حسن قریشی صاحب نے تفصیل سے ریڈیو آرکائیو کی پریزرویشن اور ریکارڈنگ کو ڈیجیٹل لائز کرنے کے حوالے سے پی بی سی کی کاوشوں سے متعلق بریف کیا ۔

اس موقع پر ڈاکٹر فوزیہ سعید نے اس تمام پروسس کو دیکھا اور پی بی سی کے اس کام کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان نہ صرف پاکستان کی موسیقی کی تاریخ کا امین ہے بلکہ یہاں پاکستان کی پوری تاریخ ریکارڈنگ کی صورت محفوظ ہے جیسے آنے والے نسلوں کے لئے محفوظ کرنے کا یہ کام انتہائی اہم ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے ریڈیو کے تمام متعلقہ لوگوں کی کاوشوں کی تعریف کی۔ ڈاکٹر فوزیہ سعید نے اس بے حد معلوماتی وزٹ کے حوالے سے تمام متعلقہ لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور تاثراتی کتاب میں اپنے ریمارکس درج کئے۔

متعلقہ عنوان :