اسلام آباد،مولانا عبدالعزیز کے سیکورٹی گارڈ کی میت حوالگی کا معاملہ

اسلام آباد ہائیکورٹ کا ورثاء کو اوکاڑہ انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی ہدایت

پیر 1 اگست 2016 19:06

اسلام آباد،مولانا عبدالعزیز کے سیکورٹی گارڈ کی میت حوالگی کا معاملہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم اگست ۔2016ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس مقابلے میں قتل ہونے والے خطیب لال مسجد مولانا عبدالعزیز کے سیکورٹی گارڈ کی میت حوالگی کیلئے ورثاء کو اوکاڑہ انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے، گزشتہ روز جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار عاقب الرحمان کی جانب سے ایڈووکیٹ طارق اسد عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے عدالت کو بتایا کہ مقتول یاسب الرحمان کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 28اگست 2015کو اپنی تحویل میں لیا تھا، یاسب الرحمان 11ماہ سے خفیہ اداروں کی تحویل میں تھے، یاسب الرحمان کا پولیس مقابلے میں مارا جانا حقائق کے خلاف ہے، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت میت کو ورثاء کے حوالے کرنے کیلئے وفاقی حکومت کو ہدایت جاری کرے، بعدازاں عدالت نے ورثاء کو میت حوالگی کیلئے اوکاڑہ کے علاقہ مجسٹریٹ سے رابطہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا، واضح رہے کہ درخواست میں وفاقی سیکریٹری داخلہ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایچ او تھانہ لوئی بھیر کو فریق بنایا گیا ہے۔