آزادی کے حصول کیلئے کوئی بھی راستہ اختیار کرنا کشمیریوں کاحق ہے،کشمیریوں کی آزادی کیلئے جدوجہد کا ساتھ دیں گے،دہشتگردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب جاری ہے ،جسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،میڈیا ملک میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو اجاگر کرے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا لاہور پریس کلب میں تقریب سے خطاب

اتوار 31 جولائی 2016 19:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31جولائی۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ آزادی کے حصول کیلئے کوئی بھی راستہ اختیار کرنا کشمیریوں کاحق ہے،کشمیریوں کی آزادی کیلئے جدوجہد کا ساتھ دیں گے،دہشتگردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب جاری ہے ،جسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،میڈیا ملک میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو اجاگر کرے۔

وہ اتوار کو لاہور پریس کلب میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اسلام اورکشمیر کی آزادی کا نعرہ ہمیشہ پاکستان میں بلند رہا ہے،دونوں نعروں کو سیاسی تاریخ میں بار بار استعمال کیا گیا،ان نعروں کو سیاست کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے،ماضی میں سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے ان نعروں کا استعمال کیا گیا،کشمیر کے نعرے کو ہمیں ایک اصول کے طور پر اپنانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کا الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پڑھا اور سنا جاتا ہے،حق خودارادیت مانگنے والی قوم کا حق خودارادیت نہیں چھین سکتے۔دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب جاری ہے ،دہشت گردی کا شکار ملک دہشت گردی کی حمایت نہیں کرسکتا۔پرویز رشید نے کہا کہ آزادی کی منزل کے حصول کیلئے کوئی بھی راستہ اختیار کرنا کشمیریوں کا حق ہے۔

کشمیریوں کو یہ حق دنیا کے قانون اور اخلاقیات نے دیا ہے،ہمیں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ساتھ دینا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جتنا خوشحال ہو گا اتنا پاکستان دلکش بنتا جائے گا ،میڈیا پاکستان میں جمہوری اصولوں پر کاربند رہے ،میڈیا ملک میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو اجاگر کرتا رہے،دعا گو ہیں کہ ایک ارب آبادی کے خطے میں امن ہو اور جنگوں سے چھٹکارا ملے،اصولوں پر چل کر ہی اپنے بچوں کو خوشحال اور ترقی یافتہ خطہ دے سکتے ہیں۔