عوام کے ٹیکسوں سے حاصل فنڈز کی چوری یا ضیاع کا تصورختم ہوگیا، عنایت اﷲ

کرپشن حکمرانوں کے خون میں رچ بس گئی تھی،ماضی میں علاقائی ، لسانی اور قومیتوں کی بنیاد پر سیاست کے ذریعے لوگوں کا استحصال کیا گیا، سینئر وزیر بلدیات

اتوار 31 جولائی 2016 17:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جولائی ۔2016ء)ماضی میں علاقائی ، لسانی اور قومیتوں کی بنیاد پر سیاست کے ذریعے لوگوں کا استحصال کیا گیا اور اس کی آڑ میں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا ۔ کرپشن حکمرانوں کے خون میں رچ بس گئی تھی ، حکمران چاہتے تھے کہ دونوں ہاتھوں سے قومی دولت کو لوٹیں اوراپنی شاہ خرچیاں کریں لیکن اب وہ دور گزر گیا اور کوئی طاقتور سے طاقتور شخص عوام کے ٹیکسوں سے حاصل فنڈز کی چوری یا ضیاع کا تصور نہیں کر سکتا اور اس مقصد کے لئے قوانین اور سزائیں نافذ کر دی گئی ہیں اور صوبے میں ہر قیمت پر میرٹ ، قانون او رانصاف کی بالادستی ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے شفیق بانڈہ دیر بالا میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے کہا کہ دیر بالا میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جس میں انجینئرنگ یونیورسٹی کیمپس کے علاوہ دو نئے کالجوں ، گیارہ سکولوں اور ہسپتالوں کا قیام شامل ہے اسی کے علاوہ سٹی کو ماڈل اور خوبصورت بنانے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ ہماری حکومت اپنے حقیقت پسندانہ اقدامات کی بدولت عوام بالخصوص غریب طبقوں کی عزت نفس بحال کرے گی اور ان کا معیار زندگی بہتر بنائے گی ۔ عنایت اﷲ نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے علاوہ زراعت ، واٹر سپلائی اور آبپاشی اور سیاحت کے شعبوں میں بھی اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے دیربالا ایک ماڈل اور خوبصورت ضلع بن جائے گا ۔

انہو ں نے کہا کہ دیر بالا کے عوام نے جماعت اسلامی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے اور عوام کے اعتماد کو کسی بھی صورت میں ٹھیس نہیں پہنچایا جائیگا ۔انہوں نے کہا آج کا دیر بالا ماضی کے مقابلے میں مکمل تبدیل ہو گیا ہے اور دیر کے عوام بہتری کے اس عمل پر کافی خوش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تین سالوں میں جتنے ترقیاتی کام کئے ہیں ، ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ انہو ں نے کہا کہ صوبائی حکومت تمام شعبوں پر بھر پور انداز میں توجہ دے رہی ہے اور انشاء اﷲ وہ دن دور نہیں جب صوبے کے عوام خوشحال اور مطمئن ہوں گے ۔