حکومت نے آج تک قومی اداروں کی فروخت اور بندر بانٹ کے علاوہ کوئی کارنامہ سرانجام نہیں دیا،میاں محمد اسلم

اتوار 31 جولائی 2016 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جولائی ۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے بعد آج تک کسی حکومت نے لیبر پالیسی پر عمل نہیں کیا ،لاکھوں غیر رجسٹرڈمزدور سڑکوں پر ٹھیلے اور ریٹرھیاں لگا کرروزی روٹی کا انتظام کرتے ہیں ،کوئی جوتے پالش کررہا اور کوئی ہوٹلوں میں برتن دھو رہا ہے مگر حکومت ان کی رجسٹریشن کے بارے میں کوئی پالیسی نہیں بنائی ،حکومت نے آج تک قومی اداروں کی فروخت اور بندر بانٹ کے علاوہ کوئی کارنامہ سرانجام نہیں دیا۔

حکومتی صفوں میں موجود کچھ لوگ پہلے قومی اداروں کو ناکام بناتے ہیں اور پھر اونے پونے خرید کر ملک و قوم کو ان اداروں سے محروم کررہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیشنل لیبر فیدڑیشن پاکستان کے اسلام آباد دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس مو قع پر نیشنل لیبر فیڈریشن اسلام آباد کے صدر ڈاکٹر تہذیب الحسن ،واپڈا لیبر یو نٹی کے صدر راجہ عاشق خان ، ساجد عباس سباسی اور دیگر مزدور رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔

میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی کسانوں کو کھیتوں کی اور مزدوروں کو کارخانوں کی آمدن میں حصہ دار بنائے گی،ہم اقتدار میں آکر تیس ہزار سے کم آمدن والے شہریوں کو آٹا ،گھی ،دال ،چاول اور چائے کی قیمتوں میں سبسڈی دیں گے اور پانچ بڑی بیماریوں کینسر ،دل اور گردے کی بیماری ،ٹی بی اور تھیلیسیمیا کا علاج مفت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ طبقاتی نظام کی وجہ سے معاشرے میں امیر اور غریب کے درمیان خلیج وسیع ہورہی ہے ۔ہم امیر اور غریب میں بڑھتے ہوئے فاصلوں کو ختم کرکے سب کو ایک قانون کے تابع کریں گے اور معاشرتی تفریق کے خاتمہ کیلئے یکساں نظام تعلیم دیں گے ۔