کوئی بھی ’’شاہ ‘‘آ جائے جب تک چابی دبئی میں رہے گی اس وقت تک کوئی تبدیلی نہیں آسکتی ‘ ناہید خان

مراد علی شاہ کی کابینہ میں زیادہ تر وہی لوگ شامل ہیں جن پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں ‘ بینظیر بھٹو کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری کی گفتگو

اتوار 31 جولائی 2016 17:33

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جولائی ۔2016ء) بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ کوئی بھی ’’شاہ ‘‘آ جائے جب تک ان کی چابی دبئی میں رہے گی اس وقت تک کوئی تبدیلی نہیں آسکتی ،مراد علی شاہ کی کابینہ میں زیادہ تر وہی لوگ شامل ہیں جن پر کرپشن کے سنگین الزامات ہیں ،یہاں سیاسی جماعتوں کو خاندانی جاگیریں اور حکومتوں کو سلطنت سمجھا جاتا ہے اگر ایسا نہ ہوتا تو نواز شریف کب کے مستعفی ہو چکے ہوتے۔

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ناہید خان نے کہا کہ چہرے بدلنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ شاہ جمع شاہ نتیجہ صفر ہی رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو پارٹی کے چیئرمین ہیں تو مراد علی شاہ کا دبئی یاترا کا کوئی جواز نہیں رہتا ۔

(جاری ہے)

جب تک باہر سے پارٹی میں مداخلت رہے گی اور سندھ حکومت کی چابی سندھ میں رہے گی اس وقت تک تبدیلی نہیں آسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ گزشتہ آٹھ سالہ سے وزیر خزانہ ہیں لیکن سندھ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

مراد علی شاہ کا یہ کہنا حیرانی کا باعث ہے کہ میں پچھلی کرپشن کو نہیں چھیڑوں گا لیکن آئندہ نہیں کرنے دوں گا ۔ اصل میں یہ سارے آصف علی زرداری کے کٹھ پتلی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی نام نہاد قیادت کو آزاد کشمیر کے انتخابات میں لگنے والے جھٹکے کے بعد عقل آ جانی چاہیے اور انہیں سوچ لینا چاہیے کہ ان کی پارٹی سے وابستگی اور مداخلت پارٹی کی ترقی کی بجائے تنزلی کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں نام آنے کے بعد وزیر اعظم کو از خود مستعفی ہو جانا چاہیے تھا اور خود کو اور اپنے خاندان کو احتساب کے لئے پیش کرنا چاہیے تھا لیکن بد قسمتی سے یہاں جمہوریت کا ڈھنڈورا تو پیٹا جاتا ہے لیکن اس کے ایک نقطے پر بھی عمل نہیں کیا جاتا ۔

متعلقہ عنوان :