پنجاب حکومت شہری اوردیہی علاقوں کے لئے متوازن ترقی کی پالیسی پر گامزن ہے ‘عرفان دولتانہ

جنوبی پنجاب کے اضلاع کے لئے فلاحی اورتعلیمی پروگرامز میں 10فیصد زائد کوٹہ مختص کیاگیاہے‘رکن پنجاب اسمبلی

اتوار 31 جولائی 2016 17:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جولائی ۔2016ء ) مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ لڈن میں صاف پانی کے لئے بیس کروڑ روپے جاری کرنے پر شہبازشریف کے مشکور ہیں، پنجاب حکومت شہری اوردیہی علاقوں کے لئے متوازن ترقی کی پالیسی پر گامزن ہے اوریہی وجہ ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع کے لئے فلاحی اورتعلیمی پروگرامز میں 10فیصد زائد کوٹہ مختص کیاگیاہے، پینے کا صاف پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے اورپنجاب حکومت نے شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہپینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پراجیکٹ صحت عامہ کے حوالے سے بے حد اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جس کا براہ راست تعلق لوگوں کی صحت سے جڑا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں اوراس ضمن میں مانیٹرنگ اورتھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام بھی متعارف کرایا گیاہے۔ صاف پانی کے اس بڑے منصوبے کے تحت آئندہ دو برس کے دوران صوبے کے دیہات میں بسنے والے لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،جس پر 117 ارب روپے کی خطیر رقم صرف کی جائے گی اورصوبے کے دیہات میں بسنے والے کروڑوں لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کاآغاز جنوبی پنجاب کے اضلاع سے کیاجارہا ہے اوراس ضمن میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا کاابتدائی کام شروع ہو چکا ہے۔