عوامی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا،صوبائی وزیرکی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ

ترقیاتی سکیموں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے،عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر اقدامات کررہے ہیں‘صوبائی وزیر حمیدہ وحیدالدین خدمت عامہ پر یقین رکھتا ہوں،ناصربوسال،اجلاس میں ڈی سی او،ایم پی اے سید طارق رضوی، پیر محفوظ مشہدی ،فائزہ مشتاق کی شرکت

اتوار 31 جولائی 2016 17:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جولائی ۔2016ء ) صوبائی وزیر ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین کی زیر صدارت ڈی سی او آفس میں ہونے والے ارکان اسمبلی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال، ڈی سی او مظفر خان سیال، ارکان صوبائی اسمبلی سید طارق یعقوب رضوی،پیر سید محمد محفوظ حسین مشہدی اور فائزہ مشتاق نے بھی شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے جاری منصوبوں کی رفتار پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ان سکیموں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ موسم برسات کے پیش نظر ممکنہ سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے بتایا کہ منتخب عوامی نمائندوں کے تجویز کردہ منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے۔

گزشتہ مالی سال کی متعدد سکیمیں پایہ تکمیل تک پہنچ چکی ہیں اور میں خود ان منصوبوں میں پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیتا ہوں۔ ناصر اقبال بوسال نے کہا کہ عوام کی عدالت میں سرخرو ہونے کے لئے خدمت عامہ پر یقین رکھتا ہوں۔ اپنے حلقے میں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر کام کرارہا ہوں۔ سید طارق یعقوب رضوی نے کہا کہ علالت سے صحتیابی کے بعد دوبارہ حلقے میں جاری منصوبوں کا جائزہ لے رہا ہوں اور ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کے لئے ضلعی اور صوبائی حکومت سے مکمل رابطہ ہے۔

سید محفوظ حسین مشہدی اور فائزہ مشتاق نے بتایا کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کی تجویز کردہ سکیموں کو بھی مدنظر رکھا جارہا ہے۔ ڈی سی او نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں کی تخصیص کئے بغیر ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔ نئے مالی سال میں بھی صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :