دس ہزار بھارتی شہری غذائی قلت کا شکار،سشما سوراج کا مفت راشن فراہمی کا حکم

جدہ میں بھارتی قونصل خانے اور بھارتی شہریوں کی کوششوں سے لوگوں میں 15 ہزار کلو سے زیادہ کھانے پینے کا سامان تقسیم کیا گیا،سشما سوراج

اتوار 31 جولائی 2016 13:44

دس ہزار بھارتی شہری غذائی قلت کا شکار،سشما سوراج کا مفت راشن فراہمی ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جولائی ۔2016ء) بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ دس ہزار بھارتی شہری سعودی عرب میں کھانے کی قلت کا شکار ہیں،بھارتی سفارت خانے کو بے روزگار بھارتی کارکنوں کو مفت کھانا فراہم کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ٹویٹ کے ذریعے سعودی عرب میں رہنے والے 30 لاکھ بھارتی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بھارتی بھائی بہنوں کی مدد کریں۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ کسی بھی ملک کی اجتماعی کوششوں سے بڑا کچھ نہیں ہوتا۔ جدہ میں بھارتی قونصل خانے اور بھارتی شہریوں کی کوششوں سے لوگوں میں 15 ہزار کلو سے زیادہ کھانے پینے کا سامان تقسیم کیا گیا ہے۔اس سے پہلے ایک شخص عمران کھوکھر نے ٹوئٹر پر وزیر خارجہ سشما سوراج کو معلومات دی تھی کہ سعودی عرب کے جدہ میں گذشتہ تین دنوں سے تقریبا 800 بھارتی بھوکے پیاسے پھنسے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ٹویٹ کے جواب میں سشما نے کہا تھا کہ اس معاملے کو حل کرنے کے لیے وزیر مملکت وی کے سنگھ سعودی عرب جا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں آپ کو یقین دلاتی ہوں کہ سعودی عرب میں کوئی بھی بے روزگار بھارتی بھوکا نہیں رہے گا۔ حالات پر ہمہ وقت ہماری نظر ہے۔خیال رہے کہ خلیجی ممالک میں بڑی تعداد میں بھارتی نوکری کرتے ہیں۔ دراصل گذشتہ چند مہینوں کے دوران بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے سبب سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کو مسائل درپیش ہیں۔

سعودی عرب میں بہت سی کمپنیاں بند ہو گئی ہیں اور وہاں موجود کئی بھارتی بے روزگار ہو گئے ہیں یا پھر انہیں تنخواہیں نہیں ملی ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خلیجی ممالک سعودی عرب، بحرین، کویت، قطر، متحدہ عرب امارات اور عمان میں 60 لاکھ بھارتی کام کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :