Live Updates

کرپشن اور آف شور کمپنیوں کے معاملے پر انصاف نہ ملا تو ہمارے احتجاج کی وجہ سے ہونے والے نقصان کی ذمہ دار نوازشریف حکومت ہو گی ، الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے طریقہ کار کو مسترد کرتے ہیں ، سیاستدان الیکشن کمیشن ممبران کا تقرر نہیں کر سکتے ، ممبران کی تقرری سپریم کورٹ کے ذریعے ہونی چاہیے ، نیب کی کارکردگی کی وجہ سے کرپشن ختم نہیں بلکہ بڑھ رہی ہے ، آئندہ ہفتے خیبر پختونخوا میں کرپشن کی نشاندہی پر 25 فیصد انعام کا قانون لا رہے ہیں ، سندھ اور پنجاب حکومت کو چیلنج ہے ایسا احتساب قانون لا کر دکھائیں ، رائیونڈ میں عوام کے ٹیکس کے پیسے سے 60کروڑ روپے کی بلٹ پروف دیوار بن رہی ہے ، میں نے شادی کرنی ہے کوئی بینک نہیں لوٹنا ،کیوں چھپاؤں گا، تیسری شادی کی نیت ہے ، مناسب وقت آنے پر شادی کر سکتا ہوں ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خانکا نجی ٹی وی کو انٹرویو

ہفتہ 30 جولائی 2016 22:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جولائی ۔2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن اور آف شور کمپنیوں کے معاملے پر انصاف نہ ملا تو ہمارے احتجاج کی وجہ سے ہونے والے نقصان کی ذمہ دار نوازشریف حکومت ہو گی ، الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے طریقہ کار کو مسترد کرتے ہیں ، سیاستدان الیکشن کمیشن ممبران کا تقرر نہیں کر سکتے ، ممبران کی تقرری سپریم کورٹ کے ذریعے ہونی چاہیے ، نیب کی کارکردگی کی وجہ سے کرپشن ختم نہیں بلکہ بڑھ رہی ہے ، آئندہ ہفتے خیبر پختونخوا میں کرپشن کی نشاندہی پر 25 فیصد انعام کا قانون لا رہے ہیں ، سندھ اور پنجاب حکومت کو چیلنج ہے ایسا احتساب قانون لا کر دکھائیں ، رائیونڈ میں عوام کے ٹیکس کے پیسے سے 60کروڑ روپے کی بلٹ پروف دیوار بن رہی ہے ، میں نے شادی کرنی ہے کوئی بینک نہیں لوٹنا ،کیوں چھپاؤں گا، تیسری شادی کی نیت ہے ، مناسب وقت آنے پر شادی کر سکتا ہوں ۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات اور تحریک انصاف کی تحریک کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ، آزاد کشمیر انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران ہم نے صرف کرپشن کے خلاف بات کی، 17اگست سے شروع ہونے والی مہم پشاور سے پنڈی تک چلا رہے ہیں ، جس کا اختتام لاہور میں ہوگا، ہماری تحریک ابھی احتجاج نہیں صرف عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی مہم ہے ، لوگوں کو بتائیں گے کہ اسی طرح کی کرپشن ہوتی رہی تو پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں ،لیڈر شپ کی کرپشن ملک کو تباہ کر رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ 3اگست کو ٹی اوآرز کے معاملے پر ایک اجلاس ہونا ہے ، کوشش ہے اس میں اتفاق پیداہوجائے اور حکمرانوں کو قانون کے نیچے لانے میں کامیاب ہو جائیں ۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں ،60فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے ، جو پیسہ لوگوں پر خرچ ہونا چاہیے تو وہ حکمران کرپشن کر کے باہر منتقل کر رہے ہیں ۔ اگر قوم نے اسٹینڈ نہیں لیا تو پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں ہے ۔ عمران خان نے کہ کہا22لاکھ بچے مدرسوں میں زیر تعلیم ہیں ، ان کو پاکستانی بچے نہیں سمجھا جاتا ، غریب گھرانوں کے بچے مدرسوں میں جاتے ہیں ، مدرسے اور امیروں کے بچوں کی تعلیم کا سلیبس ہی مختلف ہے ، مدرسوں میں پڑھنے والے بچوں کو اوپر لے کر آئیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی تاریخ دیکھ لیں جس سیاسی جماعت کی وفاق میں حکومت ہوتی ہے وہی آزاد کشمیر میں کامیاب ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات میں 7لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کئے ، (ن) لیگ کے ووٹ6لاکھ سے کچھ زائدہیں ، سمجھ نہیں آتی کہ(ن) لیگ کی31نشستیں کیسے ہوگئیں ، اس معاملے پر بھی غور کریں گے ۔

عمران خان نے کہا کہ شادی کرنی ہے ، کوئی بینک تو نہیں لوٹنا ، میں بھلاکیوں چھپاؤں گا ، میری تیسری شادی کی نیت ہے ، شادی سے اصل خوشیاں حاصل ہوتی ہیں ، ہر کامیاب انسان کے پیچھے ایک راز ہوتا ہے میں بھی مناسب وقت پر شادی کروں گا۔انہوں نے کہا کہ میں کسی امیر کی گود میں نہیں پلا ، اپنی محنت اور جدوجہد کے ساتھ اس مقام تک پہنچا ہوں ۔ ہم نے دو پارٹی سسٹم توڑا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں اداروں کو ایکسپوز کرنا چاہتا ہوں ، نیب کی وجہ سے کرپشن ختم نہیں بلکہ بڑھ رہی ہے ، الیکشن کمیشن بھی شفاف انتخابات کرانے میں ناکام ہے ، الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے طریقہ کارکو مسترد کرتے ہیں ، سیاستدانوں کا کام نہیں بنتا کہ الیکشن کمیشن ممبران کا تقرر کریں، خورشید شاہ نے کہا تھا کہ پنجاب کا چیف الیکشن کمشنر مسلم لیگ (ن) کے کہنے پر رکھا ۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ممبران کا تقرر سپریم کورٹ کے ذریعے ہونا چاہیے۔ سپریم کورٹ بہترین لوگ چنے ، (ن) لیگ ہر دفعہ اپنے امپائر کھڑے کر کے میچ جیت جاتی ہے ۔میں اس سسٹم کے خلاف ہوں۔ الیکشن کمیشن ممبران کا تقرر شفاف انداز میں سپریم کورٹ کے تحت ہونا چاہیے ۔ اگر ایسا نہیں تو تمام فریقوں کی مشاورت سے ممبران کی تقرری ہونی چاہیے ۔ الیکشن کمیشن ممبران کو ذاتی طور پرنہیں جانتا۔

وزیراعظم کی نااہلی، کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف نااہلی کا کیس الیکشن کمیشن میں زیر سماعت ہے ، دیکھنا ہو گا کہ کیا حکمرانوں اور عوام آدمی کے لئے قانون الگ ہے یا ایک ہی ہے ۔ آج اتوار کو پارٹی اجلاس میں وزیراعظم کے خلاف نااہلی کیس کو ایک دو روز میں سپریم کورٹ لے جانے کا فیصلہ ہو گا۔ اسحاق ڈار کے خلاف نیب میں کیس تھا ، نیب نے فیصلے سے ثابت کیا کہ وہ صرف ایک پتلا ہے ، نیب کی کارکردگی سے کرپٹ اور طاقتور لوگوں کو مزید شہہ مل رہی ہے ۔

آف شور کمپنیوں کے معاملے پر وزیراعظم ، وزیر داخلہ اور مریم نواز کے بیانات میں تضاد ہے ، قوم فیصلہ کر لے کہ ملک کو بچانا ہے یا تباہ کرنا ہے ۔ سب جانتے ہیں حکمرانوں نے چوری کی ہے ۔ اگر ہمیں پانامہ پر انصاف نہ ملا تو یہ ہماری تحریک کے نتیجے میں جو ہوا اس کی ذمہ دار نوازشریف حکومت ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے اسمبلی میں آکر جھوٹ بولا اور کہانی سنادی میرے پاس آڈٹ رپورٹ ہے جس کے مطابق صرف ریلوے میں 10ارب کی چوری ہوئی ۔

عمران خان نے کہ کہا کہ خیبرپختونخوا میں مکمل طور پر آزاد اور شفاف احتساب کمیشن لا رہے ہیں ، کرپشن کی ریکوری پر 25فیصد انعام دینے کا قانون آئندہ ہفتے آجائے گا ۔ یہ قانون کرپشن کے خاتمے کے لئے بہت اہم ہے۔ پنجاب اور سندھ حکومت کو چیلنج کرتا ہوں کہ ایسا قانون لا کر دکھائیں ۔ خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت کی کارکردگی زبردست ہے ، پولیس میں سیاسی مداخلت کا خاتمہ کر دیا ہے ، ہم نے خیبرپختونخوا کے ریسٹ ہاؤسز جی ڈی اے کے نیچے کر دیے ہیں ۔

عوام کے پیسے سے عیاشیاں نہیں کریں گے ، عوام کا پیسہ عوام پر لگائیں گے ۔ پشاور اور نتھیا گلی کا وزیر اعلیٰ ہاؤس بھی کرائے پر دیں گے ۔ 2014اور اب کی تحریک میں بہت فرق ہے ، تب ساری اپوزیشن حکومت ساتھ دی ۔ اب ساری اپوزیشن ٹی اوآرز کے معاملے پر اکٹھی ہے ۔ (ن) لیگ کے وزیر مجھ پر ہیلی کاپٹر میں گھومنے کا الزام لگایا ہے ، ایف بی آر (ن) لیگ کے انڈر ہے ۔ میرے خلاف تحقیقات کیوں نہیں کراتے ۔ رائے ونڈ میں 60کروڑ روپے کی بلٹ پروف دیوار بن رہی ہے ۔ بادشاہ سلامت کو لانے کے لئے777 طیارہ جاتا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات