وزیراعظم نواز شریف نے اوگرا کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی

ماہ اگست کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان

ہفتہ 30 جولائی 2016 22:04

اسلام آباد ۔ 30 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جولائی ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اوگرا کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز کو مسترد کردیا ہے جس کیلئے حکومت کو دو ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا لیکن وزیراعظم نے صارفین پر بوجھ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہفتہ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ماہ اگست میں اضافہ کی سمری کو مسترد کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتیں 31 اگست 2016ء تک برقرار رہیں گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پٹرولیم کی قیمتوں پر 2ارب روپے کی سبسڈی برداشت کریگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دیگر ممالک سے کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا نے ماہ اگست کیلئے پٹرول کی قیمتمیں 2.12روپے ،ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 26پیسے فی لیٹر،مٹی کے تیل کی قیمت میں 3.94روپے فی لیٹر اور ایچ او بی سی کی قیمت میں 60پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی ۔تفصیلی رپورٹ کے مطابق مارچ 2013میں پٹرول 106.60روپے جبکہ اگست 2016میں 64.27روپے فی لیٹر ہے۔اس طرح مارچ 2013میں ہائی سپیڈ ڈیزل 113.56روپے جبکہ اگست 2016میں 72.52روپے فی لیٹر ہے۔