لاڑکانہ، رینجرز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد ڈی آئی جی لاڑکانہ کا جائے وقوعہ پرکامعائنہ

رینجرز پر ہونیوالے حملے میں دو بم استعمال ہوئے، ایک رینجرز اہلکار شہید چار رینجرز اہلکار زخمی اور 9 راہ گیر بھی زخمی ہوئے ہیں،ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداﷲ شیخ

ہفتہ 30 جولائی 2016 21:57

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) رینجرز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداﷲ شیخ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداﷲ شیخ نے کہا کہ رینجرز پر ہونے والے حملے میں دو بم استعمال ہوئے ایک رینجرز اہلکار شہید چار رینجرز اہلکار زخمی اور 9 راہ گیر بھی زخمی ہوئے ہیں جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداﷲ شیخ نے مزید کہا کہ واقعے میں آدھا آدھا کلو دو بم استعمال ہوئے جن میں بال بیرنگ میں موجود تھے ایک بم سڑک کنارے کھڑی سائیکل اور دوسرا کچرے کے ڈھیر میں تھا جو وقفے سے پھٹا جس کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار شہید چار زخمی جبکہ 9 راہ گیر بھی زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

زخمیوں کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ واقعے کا وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بھی نوٹس لیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی کمیٹی جس میں ایس ایس پی لاڑکانہ، ایس ایس پی شکارپور، ایس ایس پی قمبر اور ایس ایس پی اسپیشل برانچ شامل ہیں جو واقعے کی تحقیقات کرے گا۔

ڈی آئی جی لاڑکانہ نے مزید کہا کہ ملوث افراد کے نزدیک پہنچ چکے ہیں، مجرمان کا تعلق قمبر شہدادکوٹ اضلاع سے مل رہے ہیں جلد انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :