سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان کی اَیسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو اے ایم سیز میں ملازمت کے خواہشمند افراد کے کوائف کی تصدیق کرنے کی ہدایت

ہفتہ 30 جولائی 2016 21:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان نے اَیسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کو اے ایم سیز میں ملازمت کے خواہشمند افراد کے کوائف کی تصدیق کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔ایس ای سی پی کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ اَیسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کا انتظام و انصرام ایسے اہل افراد کے پاس ہو جو دیانت داری، صداقت، اپنی بھرپور صلاحیت اور اہلیت کے مطابق اپنے کار ہائے منصبی انجا م دے سکیں۔

موجودہ انضباطی فریم ورک اس ضمن میں اے ایم سیز کے انتظام و انصرام کے لئے اہل اور دیانت دار اشخاص کے تقرر کے لئے شفاف گائیڈ لائنز کی صراحت کرتا ہے۔ اس میں مزید بہتری لانے کے لئے ایس ای سی پی تمام اے ایم سیز سے متقاضی ہے کہ وہ اے ایم سیز میں ملازمت کے خواہش مند افراد کے کوائف کی تفصیلی جانچ کریں۔

(جاری ہے)

آئندہ سے اے ایم سیز کے لئے لازمی قرار دے دیا گیا ہے کہ وہ ملازمت پر رکھے گئے اشخاص کے کوائف کی سابقہ آجر سے ملازمت پر رکھے جانے کے نوے دن کے اندر اندر تصدیق کریں۔

اے ایم سیز کو اس ضمن میں یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ کوائف کی تصدیق کے وقت دیانت داری، رویے، موزونیت اور طرزِ عمل جیسے عوامل پر بطورِ خاص توجہ دیں۔امید کی جاتی ہے کہ ان اقدامات سے اے ایم سیز کے ملازمین کی دیانت داری یقینی بنانے اور ان کی جانب سے دھوکہ دہی اور فریب کاری کے امکانات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ مذکورہ ہدایات ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔

متعلقہ عنوان :