وفاقی حکومت ملاکنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ منسوخی کے واضح احکامات جاری کرے ، ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کا خون نچوڑنے کی کوششیں جماعت اسلامی کامیاب نہیں ہونے دے گی،کسٹم ایکٹ کو ملاکنڈ ڈویژن میں کسی صورت نافذ نہیں ہونے دیں گے، سابقہ حکومتوں میں بڑے اغوا ہوتے تھے جب کہ موجودہ حکومت میں چھوٹے بچے اغوا ہورہے ہیں،بچوں کے آئے روز اغوا سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے، حکومت اغوا میں ملوث ہاتھوں کو بے نقاب کرے ،افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوستی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں ہے ،دونوں طرف مسلمان ہیں جس کی دشمنی کا فائدہ دونوں ملکوں کے دشمنوں کو ہوگا،جماعت اسلامی ایک اسلامی اور فلاحی پاکستان کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ، امریکہ پاکستان سمیت پوری دنیا پر اپنی تہذیب مسلط کرنا چاہتا ہے ،پاکستان میں امریکی وفاداروں نے پاکستان کو امریکہ اور ورلڈ بنیک اور آئی ایم ایف کا مقروض بنایا ہے ،کرپشن فری پاکستان کے لیے ہماری جدوجہد مزید تیز ہوگی

امیرجماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق کا دوروزہ اجتماع سے خطاب

ہفتہ 30 جولائی 2016 21:01

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جولائی ۔2016ء ) امیرجماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملاکنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ منسوخی کے واضح احکامات جاری کرے ، ملاکنڈ ڈویژن کے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کا خون نچوڑنے کی کوششیں جماعت اسلامی کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔کسٹم ایکٹ کو ملاکنڈ ڈویژن میں کسی صورت نافذ نہیں ہونے دیں گے ۔

سابقہ حکومتوں میں بڑے اغوا ہوتے تھے جب کہ موجودہ حکومت میں چھوٹے بچے اغوا ہورہے ہیں۔بچوں کے آئے روز اغوا سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے حکومت اغوا میں ملوث ہاتھوں کو بے نقاب کریں ۔ افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوستی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں ہے ۔دونوں طرف مسلمان ہیں جس کی دشمنی کا فائدہ دونوں ملکوں کے دشمنوں کو ہوگا۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی ایک اسلامی اور فلاحی پاکستان کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔

امریکہ پاکستان سمیت پوری دنیا پر اپنی تہذیب مسلط کرنا چاہتا ہے اور ہرجگہ اپنے ایجنٹ حکمران بنانا چاہتے ہیں۔پاکستان میں امریکی وفاداروں نے پاکستان کو امریکہ اور ورلڈ بنیک اور آئی ایم ایف کا مقروض بنایا ہے ۔کرپشن فری پاکستان کے لیے ہماری جدوجہد مزید تیز ہوگی ۔ وہ ہفتہ کو احیاء العلوم بلامبٹ دیرپائیں میں دوروزہ اجتماع ارکان سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر جنر ل سیکرٹری جماعت اسلامی خیبرپختونخوا عبدالواسع اور امیر جماعت اسلامی دیر پائیں و ممبرصوبائی اسمبلی اعزاز الملک افکاری نے بھی خطا ب کیا ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کرپشن نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردیے ہیں۔کر پشن قومی وجود کے لیے ایک خطر ناک صورت اور ملک کے لیے کینسر کی شکل اختیار کر چکی ہے ملک میں کرپٹ عناصر اور دہشت گر دی کر نے والوں کا گٹھ جو ڑ ہے جس سے انسانی جا نوں کو خطرات ہیں ،اس لیے اب وقت آگیا ہے کہ کرپٹ مافیا پرایک کاری ضرب لگائی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی ناقص ہے جس کی وجہ سے بے روزگاری عام ہورہی ہے لوڈشیڈنگ میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جب کہ بیر ونی قرضہ 18 ہزار ارب روپے سے تجاوزکر گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام موت کا انتظار نہ کریں ۔ لٹیرے حکمران انہیں بھوک اور مفلسی کے حوالے کرناچاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کرپشن نے پورے نظام کو مفلوج کر دیاہے اس لیے اب پاکستان اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ۔

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے قائداعظم اور اقبال کے پاکستان کو بھوک اور جہالت کا پاکستان بنا رکھاہے ۔ قائداعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان مدینہ منورہ کے بعد دنیا میں اسلام کا دوسرا بڑا قلعہ اور مرکز ہوگا لیکن چوروں ، لٹیروں اور امریکی یاروں اور غداروں نے پاکستان پر قبضہ کر رکھاہے اور ملک کرپشن کی آماجگاہ بن چکاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ نظام اور کرپٹ دھڑوں کی جڑیں کاٹنے کے لیے عوام جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں۔