خیبر ایجنسی میں باراتیوں کی وین سیلابی ریلے میں بہہ گئی ، خواتین اور بچوں سمیت 28 افراد جاں بحق

جاں بحق ہو نے والوں میں18 بچے ،8خواتین اور 2مرد شامل ، 5افراد کو زندہ بچا لیا گیا ، پولیٹکل ایجنٹ کی جانب سے جاں بحق افراد کے لوحقین کو فی کس 3لاکھ اور زخمیوں کو ایک لاکھ دینے کا اعلان وزیراعظم کا حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار ،زندہ بچ جانے والوں کے علاج معالجے کیلئے موثر اقدامات اور لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت عمران خان اوروزیراعلی خیبر پختونخوا سمیت سیاسی وسماجی رہنماؤں کا حادثے میں جانی نقصان پراظہار افسوس

ہفتہ 30 جولائی 2016 20:48

خیبر ایجنسی میں باراتیوں کی وین سیلابی ریلے میں بہہ گئی ، خواتین اور ..

خیبرایجنسی /پشاور/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جولائی ۔2016ء ) خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل میں باراتیوں کی پک اپ وین سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 28افراد جاں بحق ہو گئے،وزیراعظم نواز شریف نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زندہ بچ جانے والوں کے علاج معالجے کے لئے موثر اقدامات اور حادثے میں لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کر دی ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اوروزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک سمیت سیاسی وسماجی رہنماؤں نے حادثے میں ہونے وا لے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کوعلی الصبح تحصیل لنڈ ی کو تل کے دور افتادہ علاقہ بازار ذخہ خیل میں سرہ شگہ ایریا میں ماتی خان ولد اباد خانکی شادی بیاہ کے موقع پر پک اپ خواتین اور بچوں پر مشتمل باراتیوں کو لے جا رہی تھا کہ راستے میں تیز بارش شروع ہو گئی جس سے برساتی نالوں میں سیلاب آمڈ آیا سیلاب کی بے رحم موجوں نے باراتیوں کی پک اپ کو اپنے ساتھ لیکر بہا لے گیا جس کے باعث پک اپ میں موجود تما م افراد سیلاب میں ڈوب گئے ۔

(جاری ہے)

باراتی گاڑی الٹنے کی خبر علاقے میں جنگل اگ کی طرح پھیل گئی ،مقامی لوگ اور پولیٹکل ایجنٹ کیپٹن (ر) خالد محمود کے خصو صی ہدایات پر خیبر خاصہ دارفورس کے اہلکار امدادی کاروائیوں کے لئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور فوراً ریسکیو کاکام شروع کیا، امدادی ٹیم جن کی قیادت تحصیلدار فراز احمد قریشی اور لائن افیسر حکمت افریدی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔

امدادی کاررائیوں کے دوران28افرادکی لاشیں نکال لی گئیں جن میں خواتین بچے اور بچیاں بھی شامل تھیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہو نے والوں میں سے18 چھوٹے بچے اور بچیاں 2 آدمی جبکہ8خواتین تھیں اس کے علاوہ پانچ افراد کو زندہ بچا لیا گیا بد قسمت باراتیوں کی لاشیں گاوں پہنچا کر پورے علاقے میں کہرام مچ گیا جس سے پورا علاقہ سوگوار ہو گیا شادی ماتم کدہ میں تبدیل ہو جانے سے ہر آنکھ اشکبار ہو گئی پولیٹکل ایجنٹ کیپٹن (ر) خالد محمود نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی بھر پور مالی مدد کی جائے گی پیکج کے مطابق جاں بحق ہو نے والے فی کس کو تین لاکھ جبکہ ذخمی کو ایک ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے ذخمی ہو نے و الوں میں سے ایک خاتون بھی معجزاتی طور پر زندہ بچا لی گئی جن کی شادی تقریباً 20دن پہلے ہو ئی تھی مقامی ذرائع نے بتایا کہ واقعہ پیش اتے ہی اس گھر میں بھی ماتم بچ گئی بعد میں معلوم ہو ا کہ نئی دلہن زندہ نکال لی گئی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اوروزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک سمیت سیاسی وسماجی رہنماؤں نے حادثے میں ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا۔دوسری طرف وزیر اعظم نواز شریف نے بھی حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے لاتلافی نقصان برداشت کرنے کی دعا کی ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے این ڈی ایم اے کو موثر امدادی کارروائیوں کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ۔ وزیر اعظم نے زندہ بچ جانے والوں کے علاج معالجے کے لئے بھی موثر اقدامات کا حکم دیا ۔