جشن آزادی ،ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کی روک تھام کیلئے عوامی نمائندوں اور پولیس کو ملکر آگاہی مہم شروع کرنی چاہیے ‘ ڈاکٹر حیدر اشرف

شہر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے ، ون ویلنگ ، کائیٹ فلائنگ اور بچوں کے گھروں سے لاپتہ ہونے کے واقعات کے سلسلہ میں عوامی نمائندوں کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے ‘ ڈی آئی جی آپریشنز

ہفتہ 30 جولائی 2016 20:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ شہر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے ، ون ویلنگ ، کائیٹ فلائنگ اور بچوں کے گھروں سے لاپتہ ہونے کے واقعات کے سلسلہ میں عوامی نمائندوں کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے اور ضمن میں پولیس کی جانب سے کی جانے والی کوششوں میں ہر ممکن تعاون کرناچاہیے کیونکہ شہریوں اور عوامی نمائندوں کا تعاون جرائم کے خاتمہ میں بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی سی پی او دفتر میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسمبلی غزالی سلیم بٹ ، ماجد ظہور، وحید گل ، رانا نصیر ،چوہدری گلزار گجر ،رمضان بھٹی، فوزیہ بٹ، کے علاوہ مختلف اراکین اسمبلی نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گھروں سے لاپتہ ہونے والے بچوں کو بازیابی کے بعد والدین کے سپرد کرتے ہوئے عوامی نمائندوں کو بھی پولیس کے ہمراہ ہونا چاہیے تاکہ وہ بچوں کی حوالگی کے موقع پران بچوں کے گھر سے جانے کی وجوہات کے بارے میں بھی آگاہی دے سکیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ 14 اگست کے موقع پر ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کی روک تھام کے لئے عوامی نمائندوں اور پولیس کو ملکر آگاہی مہم شروع کرنی چاہیے تاکہ والدین اور شہریوں کو یہ بآور کروایا جاسکے کہ ون ویلنگ ایک جان لیوا کام ہے جس سے اپنے بچوں کو دور رکھیں خاص کر والدین اس پر بطور خاص توجہ دیں اور اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں ۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی غزالی سلیم بٹ اور ماجد ظہور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی کی روک تھام کے لئے پولیس اور عوامی نمائندوں کو ملکر کام کرنا ہوگااور اس بات پر بھی توجہ رکھنی ہوگی کہ شہر میں منشیات فروشی کے خاتمے کیلئے پولیس کی کاوشوں میں عوامی نمائندوں کو بھی حصہ ڈالنا ہوگا اور منشیات فروشی میں ملوث افراداکی نشاندہی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :