وزیراعلیٰ سندھ کی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی

صوبہ سندھ کو پر امن بناؤ ں اور صوبہ میں ہر بچے کو اچھی تعلیم کیلئے سہولیات مہیا کروں،ہم آہنگی کے ساتھ صوبے میں کام کرینگے ، سید مراد علی شاہ

ہفتہ 30 جولائی 2016 20:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ کے ارکان کے ہمراہ ہفتہ کو مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ مجھے ہمت اور طاقت دے کہ میں صوبہ سندھ کو پر امن بناؤ ں اور صوبہ میں ہر بچے کو اچھی تعلیم کیلئے سہولیات مہیا کروں اور ہر شخص کو صحت کی سہولیات دوں اور میری اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ سندھ کے ہر شہری کو ایمانداری سے روزگار کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اچھی زندگی گذار سکے۔

انہوں نے کہا کہ شہیدذوالفقار علی بھٹو اورشہیدمحترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت کے لئے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ رینجرز کے معاملے پر آج شام یا کل غور کرینگے۔انہوں نے کہا رینجرز کی ایک سال کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آہنگی کے ساتھ صوبے میں کام کرینگے اورہماری کارکردگی مزید بہتر ہوگی جوکہ آپ کو نظر بھی آئے گی۔

انہوں نے حکم دیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کاروائی ہوتی ہوئی نظر آنی چاہیے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ غیر ملکی فنڈنگ کے تحت منصوبوں کیلئے پچاس فیصد فنڈ ز ریلیز کر دیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 49بلین روپے جاری کئے اور انہوں نے کہا کہ پور ے سندھ میں بے شمار مسائل موجود ہیں اور ہم مسائل کو حل کرنے کے لئے ہی آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کا خیال رکھتے ہوئے میری پوری کوشش ہوگی کہ میں سیکیورٹی کم لوں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں مراد علی شاہ ہوں اور میں مراد علی شاہ ہی رہونگا اور میں ا پناموازنہ کسی اور کے ساتھ نہیں کرونگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس لاڑکانہ حملے کی تحقیقات کریگی ۔

متعلقہ عنوان :