Live Updates

تحریک انصاف کا اہم اجلاس طلب،عبدالعلیم خا ن کل عمران خان سے تفصیلی مشاورت کریں گے

احتجاجی تحریک کے خدو خال طے ہوں گے ،سینٹرل پنجاب سے تحریک کو بھرپور سپورٹ ملے گی‘ عبدالعلیم خان

ہفتہ 30 جولائی 2016 20:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی 7اگست سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک کے ضروری امور کو حتمی شکل دینے کیلئے پارٹی کا اہم اجلاس کل ( اتوار ) 31جولائی اسلا م آباد میں منعقد ہو رہا ہے جہاں سینٹرل پنجا ب کے صدر عبدالعلیم خان عمران خان سے تفصیلی مشاورت کریں گے ۔اس تحریک کے خد و خال طے کرنے کے علاوہ دیگر معاملات بھی زیر بحث آئیں گے صوبہ پنجاب کے دیگر 3زونوں کے صدور بھی اس اجلاس میں موجود ہوں گے ۔

اس حوالے سے عبدالعلیم خان نے کہا کہ سینٹرل پنجاب سے پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک کو بھرپور سپورٹ ملے گی اور جی ٹی روڈ کی پارٹی نواز لیگ کو عوامی مدد سے ٹف ٹائم دیں گے ۔عمران خان کا موقف انتہائی اصولی اور عوامی خواہشات کے عین مطابق ہے جنہوں نے ملک کو صاف اور شفاف نظام دینے کیلئے گذشتہ 20برسوں سے جدوجہد شروع کر رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور شہر کے زند ہ دلان نے عمران خان کو ہمیشہ تاریخی پذیرائی دی ہے اور اس مرتبہ بھی مینار پاکستان کے جلسوں ،لانگ مارچ اور شٹ ڈاوٴن جیسی تحریکوں کی یاد تازہ کی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کی طرف سے احتجاجی تحریک کے لائحہ عمل کے اعلان کے بعد کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے اور انشا ء اللہ اس مرتبہ حکمرانوں کو رخصت کرنے کا پکا بند و بست کیا جائے گا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ اب کرپشن اور حکومت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے پاکستان کے عوام کا حق ہے کہ انہیں اُن کے دیے ہوئے ٹیکسوں سے سہولتیں بہم پہنچائی جائیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات