67علیحدگی پسند تحریکیں متحرک ہیں اس لئے بھارت کا ٹوٹنا اور بکھرنا نوشتہ دیوار ہے‘ صاحبزادہ حامد رضا

حکومت پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے با ز رہے ،پٹرول مہنگا ہونے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا‘ چیئرمین سنی اتحاد کونسل

ہفتہ 30 جولائی 2016 20:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بھارت میں 67علیحدگی پسند تحریکیں متحرک ہیں اس لئے بھارت کا ٹوٹنا اور بکھرنا نوشتہ ء دیوار ہے،حکومت پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے با ز رہے کیونکہ پٹرول مہنگا ہونے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا، حکومت عوام دشمن پالیسیاں چھوڑ کر عوام دوست پالیسیاں اختیار کرے، اسلام آباد میں اسلام آئے گا تو ملک ترقی کرے گا،نواز شریف کی سیاسی تربیت آمریت کی گود میں ہو ئی ہے اس لئے وہ غیر جمہوری اور بادشاہانہ سوچ کے مالک ہیں،کشمیر کے بغیر بھارت سے مذاکرات کسی صورت قبول نہیں ہوسکتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مختلف اہلسنّت رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سندھ حکومت پولیس کو اس قابل بنائے کہ رینجرز کی ضرورت ہی نہ رہے۔ پولیس کو سیاسی مداخلت سے پاک کر نا ہوگا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانون سازی ناگزیر ہو چکی ہے۔ اسلام میں غیرت کے نام پر قتل کا کو ئی تصور نہیں ہے۔

اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہے ۔ برہان وانی کی شہادت نے بھارت کے چہرے سے سیکولر ازم کا نقاب نوچ لیا ہے۔ قوم حکمرانوں کے دعوؤں اور وعدوں سے اکتا چکی ہے۔ عوامی مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے عوامی بے چینی خطرناک حدوں کو چھو رہی ہے۔ پانامہ لیکس کے معاملے کی شفاف تحقیقات پوری قوم کی آواز ہے۔ جس معاشرے میں حکمران اشرافیہ کا احتساب نہ ہو تو اس معاشرے میں خونی انقلاب آتا ہے۔اس لئے ہمارے حکمران خون ریزی اور خانہ جنگی سے بچنے چاہتے ہیں تو خود کو احتساب کیلئے پیش کریں۔

متعلقہ عنوان :