آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سے سپریم کورٹ بار کے وفد کی اہم ملاقات

وفد کی کسی بھی سطح پر جرائم میں ملوث افراد خصوصی طور پر بچوں کے اغواء کے بارے میں مجرموں کو سزائیں دلوانے اوران کی حفاظت کے لیے نئے قوانین کی تجاویز کی پیشکش

ہفتہ 30 جولائی 2016 20:12

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا سے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کے 06رکنی وفدنے ملاقات کی ۔ ممبران میں صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سید علی ظفر،نائب صدر تابندہ اسلام ، ایگزیکٹو ممبر محمد سہیل بھٹی،بدر منیر اور ممبران عابد ساقی اور اعظم نذیر تارڑ شامل تھے۔

جبکہ پولیس افسران ایڈیشنل آئی جی آپریشنز /انوسٹی گیشن پنجاب، کیپٹن (ر)عارف نواز،اے آئی جی آپریشنزشہزادہ سلطان، اے آئی جی فنانس حسین حبیب امتیاز ، اے آئی جی کمپلینٹس سی پی او سید خرم علی ، اے جی مانیٹرنگ وقاص حسن، اے آئی جی لیگل احسن یونس نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ میں مختلف جرائم میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تفتیشی عمل کو بہتر کرنے اور تمام مراحل کو بروقت مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں اداروں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لیے حکمت عملی پر غورکیا گیاجبکہ سپریم کورٹ بار کے ممبران کی طرف سے آئی جی پنجاب کوکسی بھی سطح پر جرائم میں ملوث افراد خصوصی طور پر بچوں کے اغواء کے بارے میں مجرموں کو سزائیں دلوانے اوران کی حفاظت کے لیے نئے قوانین کی تجاویز کی پیش کش بھی کی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے بار ایسوسی ایشن کی طرف سے اس پیش کش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں جلد ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بلائی جائے گی تاکہ ان سفارشات پر غور کیا جاسکے۔ میٹنگ میں وفد کو حالیہ دنوں بچوں کے اغواء کے بارے میں مقدمات کے اندراج ، مجرموں کی گرفتاری اوراس سلسلے میں پولیس کی تجزیاتی رپورٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

متعلقہ عنوان :