پاکستان آمد پر کشمیریوں کے قاتل بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا بائیکاٹ کیا جائے ،حافظ محمد سعید

پاکستان کشمیر سے متعلق واضح اور مضبوط پالیسی بنا کر قائداعظم کا قول ”کشمیر ہماری شہ رگ ہے “ شامل کرے،صدر سے لے کر عام آدمی تک کشمیر کے بارے میں ایک ہی موقف ہونا چاہئے مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیری اکٹھے ہو چکے ہیں، تحریک آزادی کی قیادت نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے ، کشمیر ی پاکستانی پرچم اٹھا کر پاکستان ہی کا نعرہ لگا رہے ہیں ، جماعة الدعوة کے سربراہ کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 30 جولائی 2016 20:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء ) جماعة الدعوة پاکستان کے سربراہ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ 3 اگست کو پاکستان آمد پر کشمیریوں کے قاتل بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا بائیکاٹ کیا جائے ، پاکستان کشمیر سے متعلق واضح اور مضبوط پالیسی بنا کر قائداعظم کا قول ”کشمیر ہماری شہ رگ ہے “ شامل کرے ،صدر سے لے کر عام آدمی تک کشمیر کے بارے میں ایک ہی موقف ہونا چاہئے ، مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیری اکٹھے ہو چکے ہیں، تحریک آزادی کی قیادت نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے ، کشمیر ی پاکستانی پرچم اٹھا کر پاکستان ہی کا نعرہ لگا رہے ہیں ۔

ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا کہ برہان الدین وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر کے لوگ اکٹھے ہوچکے ہیں ، کشمیری پاکستان کا پرچم اٹھا کر پاکستان کا نعرہ لگا رہے ہیں اور بھارتی مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں کشمیر سے متعلق کوئی واضح پالیسی نہیں ہے میڈیا رائے عامہ ہموار کرنے اور حکومت پر واضح کشمیر پالیسی اپنانے کیلئے دباؤ کی خاطر اپنا کردار ادا کریں پاکستان میں کشمیر کے حوالے سے پالیسی میں کوئی کنفوژن نہیں ہونا چاہئے اور صدر سے لے کر عام آدمی تک کا ایک ہی موقف ہونا چاہئے ۔

حافظ سعید نے کہا کہ کشمیریوں کا قاتل بھارتی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ 3 اگست کو سارک کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آ رہا ہے اسے کوئی پروٹوکول نہ دیا جائے اور میڈیا بھی اس کا بائیکاٹ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ سارک کا قیام خطے کے ممالک کی طرف سے بھارتی زیادتیوں کیخلاف عمل میں آیا تھا لیکن افسوس رکن ممالک اس بات کو بھول گئے اور بھارت کو اس تنظیم کی سربراہی سونپ دی گئی ۔

جماعة الدعوة کے سربراہ نے کہا کہ میرے خلاف بھارت نے ممبئی حملوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا سینکڑوں صفحات پر مشتمل ڈوزیر لاہور ہائیکورٹ کو بھجوائے گئے تاکہ ہمارے خلاف ثبوت کے طور پر پیش کئے جا سکیں لیکن عدالت نے انہیں مسترد کرتے ہوئے محض میڈیا پراپیگنڈہ قرار دیا اور فیصلہ ہمارے حق میں دیدیا۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے سپریم کورٹ میں فیصلے کیخلاف اپیل کی لیکن عدالت عظمیٰ نے بھی ہمارے حق میں فیصلہ دیا ۔

پروفیسر حافظ محمد سعید نے بتایا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون کو پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے بھجوائے اور خط میں انہیں لکھا کہ پاکستان کی عدالتوں نے ہمیں بے گناہ قرار دیا ہے آپ بھارتی پراپیگنڈہ سے متاثر ہو کر ہمیں دہشتگرد کیوں قرار دے رہے ہیں لیکن سیکرٹری جنرل کی جانب سے صرف یہ جواب آیا کہ آپ کا خط موصول ہو گیا ہے اس کے بعد یاددہانی کے خط کا بھی مجھے جواب نہیں ملا ۔

حافظ سعید نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیا تھا پاکستان کو چاہئے تھا کہ وہ عالمی برادری کو بتاتا کہ ہماری شہ رگ بھارت کے قبضے میں ہے آپ بھارتی پراپیگنڈے کو خاطر میں نہ لائیں لیکن بھارت نے ممبئی ممبئی کا اس قدر شور ڈالا کہ دنیا کشمیر کو ہی بھول جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کشمیر کے بارے میں پالیسی بناتے ہوئے قائداعظم کا یہ قول بھی شامل کرنا چاہئے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور دنیا کو اس سے آگاہ کرنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک عروج پر پہنچ چکی ہے اوراس کی قیادت اب نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور وہاں لوگ پاکستان کا نعرہ لگا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاتعداد قربانیوں کے باوجود کشمیر کے بچے بوڑھے اور خواتین بھارت کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں اب وقت ہے کہ پاکستان کشمیر سے متعلق مضبوط اور واضح پالیسی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں سکول پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد وزیراعظم نے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جس کے بعد پوری قوم اکٹھی ہو گئی اور حکومت کے ساتھ فوج کی پشت پر کھڑی ہو گئی جس کے نتیجہ میں دہشتگردی کیخلاف بڑی کامیابی حاصل ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو کشمیر کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلانی چاہئے تھی کیا کشمیر کے مسئلے کے پشاور کے سکول جتنی اہمیت بھی نہیں انہوں نے کہا کہ معلوم ہوا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جا رہا ہے اس کیلئے میڈیا کو کشمیر سے متعلق واضح پالیسی بنوانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔