وزارت داخلہ نے اسلام آباد پولیس میں اندرونی احتسابی نظام متعارف کرا دیا

ہفتہ 30 جولائی 2016 20:10

اسلام آباد ۔ 30 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جولائی ۔2016ء) وزارت داخلہ نے محکمہ پولیس میں بد عنوانی پر قابو پانے کی غرض سے اسلام آباد پولیس میں اندرونی احتسابی نظام متعارف کرا دیا۔اس سلسلے میں اندرونی کرپشن سے متعلق کسی بھی شکایت کی تحققات کیلئے سینئر گزٹیڈ آفیسر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔اسکے علاوہ ایس ایس پی اسلام آباد کے دفتر میں پہلے ہی کمپلینٹ سیل کام کر رہا ہے جہاں شکایت کنندگان درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

ہفتہ کو وزارت داخلہ کے زرائع نے اے پی پی کو بتا یا کہ وزارت نے وفاقی دارلحکومت نے جرائم پر قابو پانے اور دہشت گردی کے واقعات کے سدباب ،چوری ،ڈکیتیوں،اغوا برائے تاوان اور کار چوری روکنے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔

(جاری ہے)

زرائع نے کہا کہ اسکے علاوہ کچی آبادیوں کے سروے،انٹیلی جنٹس کی بنیاد پر پولیسنگ،کومبنگ سرچ آپریشنز،ہوٹلوں اورگیسٹ ہاوسز کی چیکنگ،کرائے کے گھروں اور قانونی آباد کاری اور مدارس کے سروے ،مشکوک افراد کی نگرانی کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔

اسکے علاوہ اسلام آباد پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائیگا۔اس مقصد کیلئے جدید رپورٹنگ رومز قائم کئے جائیں گے اور 22پولیس سٹیشنوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کیا جائیگا۔اسکے دیگر اقدامات میں سی پی او اور ایس ایس پی دفاتر میں آن لائن کمپلینٹ منیجمنٹ سسٹم کا قیام ہے۔