اولمپک گیمز میں پاکستان اپنی قسمت آزمائی کیلئے ضرور جائے گا ، حکومت کی جانب سے این او سی جاری ہونے کیلئے معاملات طے پا گئے، پاکستان کھیلوں سمیت دیگر شعبوں میں برازیل کیساتھ تعلقات کو مزید فروغ دے گا،پاکستانی کھلاڑی میگا ایونٹ میں پاکستان کا پرچم لہرائیں گے حکومت ملک بھر میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کا پاکستانی دستہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب برازیلی سفارت خانے کے چارج ڈی افیرزجین پیرری بیانچی کاپاکستانی دستہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

ہفتہ 30 جولائی 2016 20:08

اولمپک گیمز میں پاکستان اپنی قسمت آزمائی کیلئے ضرور جائے گا ، حکومت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جولائی ۔2016ء ) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ اولمپک گیمز میں پاکستان اپنی قسمت آزمائی کیلئے ضرور جائے گا ، حکومت کی جانب سے این او سی جاری ہونے کیلئے معاملات طے پا گئے جبکہ پاکستان کھیلوں سمیت دیگر شعبوں میں برازیل کیساتھ تعلقات کو مزید فروغ دے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اسلام آباد میں برازیل سفارتخانہ کی جانب سے ریو اولمپک گیمز میں شرکت کرنیوالے پاکستانی دستہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں برازیل سفارتخانہ کے چارج ڈی افیئرز جین پیرری بیانچی ، پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن ،وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ نادر علی ، پاکستان سپورٹس بورڈکے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وقار احمد، پاکستان تحریک انصاف کے راہنما و اسلام آباد سنوکر اینڈ بلیرڈ ایسو سی ایشن کے صدر ڈاکٹر شہزاد وسیم ، قومی اتھلیٹس سمیت غیر ملکی سفارتکاروں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے کہاکہ اولمپک گیمز میں شرکت کیلئے سمری وزیر اعظم آفس منظوری کیلئے گئی ہوئی ہے ، اس حوالے سے تمام معاملات طے پا گئے ہیں ، قومی اتھلیٹس اولمپک گیمز میں ضرور شرکت کرینگے اور اپنی قسمت آزمائی کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ برازیل نے دنیا کے میگا ایونٹ ترین کا انعقاد کررہا ہے اس ایونٹ دنیا بھر سے کھلاڑی اپنی قسمت ازمانے کے لئے برازیل جائیں گے اور پاکستانی کھلاڑی میگا ایونٹ میں پاکستان کا پرچم لہرائیں گے حکومت ملک بھر میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے،انہوں نے بتایا کہ اولمپک گیمز میں جانیوالے پاکستانی دستہ میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے دو افسران بھی شامل ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں متعین برازیل کے سفارت خانے کے چارج ڈی افیرزجین پیرری بیانچی نے کہاکہ وہ اولمپک گیمز میں شرکت کرنیوالے پاکستانی دستہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ، امید ہے کہ ان کا دورہ یاد گار ہو گا جبکہ ہماری حکومت اور عوام نے اولمپک گیمز کے کامیاب انعقاد کے لئے سخت محنت کی ہے یہ گیمز سپورٹس کے ذریعے دوستی اور محبت کے رشتوں کو مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ گیمز کے دوران کھلاڑیوں اور افیشلز کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لئےء موثر اقدامات کئے گے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :