سری لنکن ائیر لائنزپاک ،سری لنکا اور دیگر ممالک کے ساتھ فضائی رابطے قائم کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے،یحییٰ پولانی

لکشمن ویراسوریا، کنٹری منیجر ، سری لنکن ائیرلائنز کی خدمات قابلِ ذکر ہیں نئے کنٹری منیجر سری لنکن ائیر لائنز کو تجربے اور خدمات سے استفادہ حاصل کرنا چاہئے،چیئرمین ،ایف پی سی سی آئی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کا عشیائیے سے خطاب

ہفتہ 30 جولائی 2016 19:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جولائی ۔2016ء) سری لنکن ائیر لائنزپاکستان ،سری لنکا اور دیگر ممالک کے ساتھ فضائی رابطے قائم کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔اس ضمن میں لکشمن ویراسوریا، کنٹری منیجر ، سری لنکن ائیرلائنز کی خدمات قابلِ ذکر ہیں۔ لکشمن ویراسوریا ائیرلائنز حلقوں کے علاوہ ٹریول ٹریڈ کمیونٹی میں بھی یکسا ں مقبول ہیں۔

سری لنکن ائیرلائنز کی بزنس پروموشن میں اُن کی وسیع خدمات نمایاں ہیں۔ احمد مزاحم، نئے کنٹری منیجر سری لنکن ائیر لائنز کو تجربے اور خدمات سے استفادہ حاصل کرنا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار ، چیئرمین ،ایف پی سی سی آئی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن یحییٰ پولانی نے سری لنکن ائیر لائنز آفیشلز کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لالیتھ ڈی سلوا، ریجنل منیجر سری لنکن ائیر لائنز کو پاکستان دورے پر خوش آمدید کہا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے یحییٰ پولانی نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوطرفہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے میں مصنوعات کی فروخت کے ساتھ ساتھ ایوی ایشن اور ٹورازم سروسز کو بھی فروغ دینے کے لئے معاہدہ میں جدّت اہمیت کی حامل ہے۔ جنوب ایشیائی خطے میں سری لنکا پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

لالیتھ ڈی سلوا ، ریجنل منیجر سری لنکن ایئر لائنز نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ائیر لائنز پاکستان میں اپنے حصے کا بزنس کامیابی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے لکشمن ویراسوریا، کنٹری منیجر سری لنکن ائیرلائنز کی پاکستان میں گرانقدر خدمات کو سراہا۔لکشمن ویراسوریا، کنٹری منیجر ، سری لنکن ائیرلائنز نے اس موقع پر الوداعی کلمات ادا کرتے ہوئے انڈسٹری کے تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دورانِ خدمات ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے ساتھ خوشگوار یادیں لے جارہے ہیں۔ پاکستان میں انہوں نے بہت سے دوست بنائے اور ٹریول کمیونٹی کو انہوں نے دوستانہ اور تعاون کرنے والا پایا۔اس موقع پر احمد مزاحم،کنٹری منیجر ، سری لنکن ائیرلائنز ، نعیم شریف نائب صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، حنیف رنچ سابق چیئرمین ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ عشائیے میں حکومتی حلقوں کے علاوہ ٹریول ٹریڈ کی نمایاں شخصیات اور کراچی کے سفارتی حلقوں سے بھی معز ز شخصیات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :