پاکستان کی سیاحت کرنے والے چینی سیاحوں کی تعداد میں زبردست اضافہ

ہفتہ 30 جولائی 2016 19:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جولائی ۔2016ء) رواں سال کی پہلی ششماہی میں سیرو تفریح کی غرض سے پاکستان کی سیاحت کرنے والے چینی سیاحوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق چینی شہری دنیا بھر کی سیاحت کے لئے مشہور ہیں تاہم اب ان کی پسندیدہ سیاحتی منزل میں پاکستان بھی شامل ہو گیا ہے ۔ رواں سال چینی سیاحوں نے جنوبی ایشیائی ممالک میں پاکستان کی سیاحت کو ترجیح دی ۔

چین کی معروف ٹریولنگ کمپنی کے ڈائریکٹر شی یو ہوان نے بتایا کہ حالیہ سالوں میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات میں گرم جوشی کے بعد چینی سیاحوں نے پاکستان کو سیاحت کے لئے ترجیحات میں شامل کر لیا ہے ۔ پاکستانی صدر ممنون حسین نے حال ہی میں اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان بحیرہ جنوبی چین ، تائیوان اور تبت کے معاملہ پر چینی موقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے اس موقف کو چینی شہریوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے ۔ گزشتہ چند سالوں میں دونوں ممالک کے مابین بہترین تعلقات ہونے کے باوجود سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر بین الاقوامی سیاحوں نے پاکستان کی سیاحت کے لئے رخ نہیں کیا۔ 2015میں 120ملین چینی سیاحوں نے دنیا بھر کی سیروتفریح کی جن میں سب سے سیاحوں نے زیادہ ہانگ کانگ، مکاؤ، تائیوان، جاپان، جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ سمیت امریکہ ،برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک جانا پسند کیا۔ پاکستان کے علاوہ رواں سال چینی شہریوں نے کینیا، فن لینڈ، مصر، جنوبی افریقہ، ارجنٹائن، اسرائیل، آئس لینڈ اور جمہوریہ چیک جانے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

متعلقہ عنوان :