بجلی کا موجودہ بحران سابق حکومتوں کا پیداکردہ ہے، پرویز مشرف اور پیپلزپارٹی کے دورحکومت میں بجلی کا ایک یونٹ بھی پیدا نہیں ہوا ،پرویز مشرف نے کالاباغ ڈیم کے نام پر سیاست کی اور عملی طور پر ملک کیلئے کچھ نہ کیا

مسلم لیگ( ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ کا بیان

ہفتہ 30 جولائی 2016 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جولائی ۔2016ء) مسلم لیگ( ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ پہلے پرویز مشرف اور پھر پیپلزپارٹی کے دور میں بجلی کا یونٹ بھی پیدا نہیں ہوا۔پرویز مشرف نے کالاباغ ڈیم کے نام پر سیاست کی ،انہوں نے عملی طور پر ملک کے لئے کچھ نہ کیا ، بجلی کا موجودہ بحران سابق حکومتوں کا پیداکردہ ہے۔

صنعتوں کے پہیے کی بندش اور گھروں میں اندھیرے کی ذمہ دار مسلم لیگ ق ہے۔ مسلم لیگ ق کی ناکام حکومت نے عوام کومعاشی طور پر بدحال کر دیا۔ عوام سے روٹی کپڑا اور مکان کی سکت چھین لی گئی۔ بجلی کے بحران کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں رک گئیں۔ مسلم لیگ (ن) نے برسراقتدار آ کر بجلی کے بحران کے خاتمے کے لئے سرتوڑ کوششیں کیں اور ملک میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے متعدد پراجیکٹس شروع کئے۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی بدانتظامی کی وجہ سے اپنے دورحکومت میں بجلی کی پیداوار کا کوئی پراجیکٹ شروع نہ کر سکی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کے لئے صوبہ بھر میں گیس‘ آئل‘ شمسی توانائی اور کوئلے سے چلنے والے متعددمنصوبے شروع کرا ئے۔ قائد اعظم سولرپارک سمیت دیگر پراجیکٹس سے بجلی کی پیداوار شروع بھی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے دور حکومت میں مالامال ہونے والوں کے منہ سے دوسروں پر مال بنانے کاالزام جچتا نہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پنجاب بھر میں نہ صرف توانائی پراجیکٹس شروع کرائے بلکہ سابقہ حکومت کے برعکس اربوں روپے کی بچت بھی کی۔