وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں محنت، امانت اور دیانت کو شعار بناتے ہوئے ملک میں ترقی و خوشحالی کا انقلاب برپا کریں گے

مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم کا بیان

ہفتہ 30 جولائی 2016 19:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جولائی ۔2016ء) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی آزاد علی تبسم نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں محنت، امانت اور دیانت کو شعار بناتے ہوئے پاکستان میں ترقی و خوشحالی کا انقلاب برپا کریں گے- ملک سے غر بت، جہالت، بیروزگاری کے خاتمے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا واحد راستہ تعلیم ہے- بین الاقوامی برادری میں باوقار مقام کے حصول اور خودکفالت کی منزل بھی فروغ تعلیم کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے- تعلیم کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے کے کونے کونے میں علم کے چراغ روشن کئے ہیں- پنجاب حکومت کے تعلیمی پروگراموں کی خوبی یہ بھی ہے کہ اس میں پنجاب کے علاوہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ اور فیڈرل بورڈ اسلام آباد کے طلبا و طالبات کو بھی شامل کیا گیا ہے جس سے قومی یکجہتی، یگانگت، بھائی چارہ اور صوبائی ہم آہنگی فروغ پا رہی ہے- بدقسمتی سے دور آمریت کے دوران ماضی کے حکمرانوں نے پنجاب میں لوٹ مار کا بازار گرم رکھا- ترقیاتی منصوبوں کے نام پر غریب قوم کی محنت کی کمائی کو بے دردی سے لوٹا- سیاسی بنیادوں پر اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے گئے- کاش ماضی میں قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹنے کی بجائے فروغ تعلیم پر صرف کیا جاتا تو ہم اپنی منزل کے قریب ہوتے- ہم نے صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا ہے اور کوئی ہم پر ایک دھیلے کی کرپشن کا بھی الزام نہیں لگا سکتا-