زیتون کی کامیاب کاشت کیلئے اسکی پیداواری ٹیکنالوجی پر تحقیق ضروری ہے‘ سیکرٹری زراعت پنجاب

زیتون پر تحقیق کے لئے ریسرچ سینٹرخطہ پوٹھوارکے ضلع چکوال میں قائم کیا جائیگا ،اس کے ذیلی سینٹرز پنجاب کے مختلف علاقوں میں قائم کیے جائیں گے‘ کیپٹن (ر) محمد محمود کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 30 جولائی 2016 19:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جولائی ۔2016ء) زیتون کی کامیاب کاشت کیلئے اس کی پیداواری ٹیکنالوجی پر تحقیق ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار سکرٹری زراعت پنجاب کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد محمود نے پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچرل یونیورسٹی راولپنڈی میں زیتون کے ڈیویلپمنٹ گروپ کی دوسری میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ میٹنگ کا انعقاد یونیورسٹی ہٰذا نے یو ایس ایڈ کے پنجاب انیبلنگ انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تعاون سے کیا تھا۔

سیکرٹری زراعت پنجاب نے بتایا کہ زیتون پر تحقیق کے لئے ریسرچ سینٹرخطہ پوٹھوارکے ضلع چکوال میں قائم کیا جائے گا اور اس کے ذیلی سینٹرز پنجاب کے مختلف علاقوں میں قائم کیے جائیں گے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد، ڈاریکٹر جنرل ایگریکلچرریسرچ پنجاب ڈاکٹر عابد محمود، ڈائریکٹر بارانی ایگریکلچرل ریسرچ انسٹیٹیوٹ چکوال ڈاکٹر محمد طارق، چیف ایگزیکٹو پنجاب ایگریکلچر ریسرچ بورڈ ڈاکٹر نورالسلام، یو ایس ایڈ اور زیتون کے کاشت کاروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت پنجاب ، محمد محمود نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیقاتی ادروں اور یونیورسٹی کو مل کر زیتون کی پیداواری ٹیکنالوجی پر تحقیق کرنی چاھئے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ سرکاری سطح پر زیتون کے صیحح النسل اور صحت مند پودوں کی تیاری کی نرسری قائم کی جائے گی۔ خطے میں زیتون کی کاشت کو پھیلانے کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کے لوگوں کونرسری لگانے کی تربیت بھی دی جائے گی۔

کاشت کاروں میں زیتون کی کاشت کو عام کرنے کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ زیتوں کی سائنسی بنیادوں پر برداشت کیلئے جدید زرعی ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا جائے گا۔اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی ہٰذاپروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمدنے کہا کہ یونیورسٹی زیتون پر تحقیق کے سلسلہ میں تحقیقاتی ادروں کے ساتھ تعاون کرے گی اور کاشتکاروں کی تربیت کا انتظام بھی کرے گی۔

اس کے بعد سکرٹری زراعت پنجاب نے سالیڈ ویسٹ سے چلنے والے بائیو گیس پلانٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ بارانی زرعی یونیورسٹی میں ویسٹ مینجمنٹ سنٹر کا قیام ایک مثبت قدم ہے جس سے ٹھوس فضلے سے نامیاتی کھاد کی تیاری ممکن ہو سکے گی۔ اس سنٹرکے قیام سے نہ صرف نامیاتی کھاد، بائیو گیس بلکہ بجلی بھی پیدا کی جاسکے گی۔ یونویرسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد نے سنٹر کے حوالے اسے شرکاء کو بریفنگ دی اور اس کے قیام کے اغراض و مقاصد بتائے اور کہا کہ سیکرٹری زراعت پنجاب ، محمد محمود کی موجودگی میں بارانی یونیورسٹی اور یو ایس ایڈ کے پنجاب انیبلنگ انوائنمنٹ پراجیکٹ کے درمیان زیتون کے شعبے کی ترقی اور تحقیق میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :