سندھ کی 9رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے صوبائی وزراء سے حلف لیا

نئی 17 رکنی کابینہ میں 9 وزیر، 4 مشیر اور 4 معاون خصوصی شامل ہیں ،تقریب میں وزیراعلی سید مراد علی شاہ ،سابق وزیراعلی قائم علی شاہ کے علاوہ پیپلز پارٹی کے رہنما ؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی کابینہ کی گورنر سندھ سے ملاقات، مسائل کے حل کیلئے محنت کرنا ہوگی ، گورنر سندھ

ہفتہ 30 جولائی 2016 19:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جولائی ۔2016ء ) سندھ کی 9رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا،گورنر سندھ عشرت العباد نے اراکین سے حلف لیا،سندھ حکومت کے چارمشیر بھی بنائے گئے ہیں جن میں مولا بخش چانڈیو، سعید غنی ، مرتضی وہاب اور اصغر جونیجو شامل ہیں،مخدوم جمیل الزمان کو سینئر وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔ہفتہ کو نئی صوبائی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے نئی صوبائی کابینہ کے وزرا ء سے حلف لیا۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب کی نظامت کے فرائض چیف سیکریٹری محمد صدیق میمن نے ادا کئے۔نئی 17 رکنی صوبائی کابینہ میں 9 وزیر،4مشیر اور 4 معاون خصوصی شاملہیں ۔حلف اٹھانے والے وزراء میں مخدوم جمیل الزماں ،نثار احمد کھوڑو،سہیل انور سیال ،جام خان شورو،مکیش چاولہ،شمیم ممتاز،جام مہتاب ڈھر،سکندر میندھرواور سردار علی شاہ شامل ھیں ۔

(جاری ہے)

مشیروں میں سعید غنی ،مرتضی وہاب ،مولا بخش چانڈیو،اصغر جونیجو، جبکہ معاون خصوصی میں کھٹو مل ، ارم خالد،ڈاکٹر سکندر شورو اور سید غلام شاہ شامل ھیں۔دریں اثناء تقریب حلف برداری سے قبل گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی اور نئی صوبائی حکومت کی ترجیحات سے انہیں آگاہ کیا ۔ گورنر سندھ نے امید ظاہر کی کہ نئی صوبائی کابینہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ عوام کے مسائل بروقت اور بلا کسی رکاوٹ کے حل کئے جاسکیں۔

انہوں نے کہا کہ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں صوبہ کے ترقیاتی عمل میں بھی تیزی آگے گی۔ تقریب حلف برداری کے بعد صوبائی کابینہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان سے ملاقات کی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ کے عوام کو کئی مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کے لئے انہیں بہت زیادہ محنت سے کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں باہمی ہم آہنگی اور رواداری کا فروغ صوبائی کابینہ کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہئے تاکہ صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔