سی پی ایس پی صوبہ گلگت بلتستان میں معیاری اعلٰی طبی تعلیم کی سرپرستی کریگا:پروفیسر ظفراللہ چوہدری

ہفتہ 30 جولائی 2016 18:14

لاہور۔30 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جولائی ۔2016ء ) گلگت بلتستان ڈاکٹرز فورم کی دعوت پر سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر ظفراللہ چوہدری نے سینئر نائب صدر پروفیسر خالد مسعود گوندل ،میجر جنرل سلمان علی،پروفیسر شعیب شفیع،پروفیسر عامر زماں خاں کے ہمراہ صوبہ گلگت بلتستان کا دورہ کیا اور سکردومیں منعقدہ ہیلتھ کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پرسینئر صوبائی وزیر حاجی اکبر تابان،سپیکر صوبائی اسمبلی حاجی فدا محمد،سیکرٹری صحت سعید اللہ نیازی سمیت حکومتی اعلٰی عہدیداران موجود تھے۔مہمانِ خصوصی سینئر صوبائی وزیر حاجی اکبر تابان نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کی ملکی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ کالج صوبہ گلگت بلتستان مین اعلٰی طبی تعلیم کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا اور سی ایم ایچ اورڈسٹرکٹ ہسپتال کا سی پی ایس پی سے الحاق خطہ میں اعلٰی طبی تعلیم کے فروغ کی راہ ہموار کریگا۔

(جاری ہے)

اس خطہ کے ڈاکٹرز کی سی پی ایس پی کے انگلینڈ اور آئرلینڈ پروگرام میں ترجیحی بنیادوں پر شمولیت عوام کو بہترین سپشلسٹ کی فراہمی کے سلسلہ میں مدد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے عوام سی پی ایس پی کے صدر اور دیگر عہدیداران کا دورہ انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔صدر سی پی ایس پی پروفیسر ظفراللہ چوہدری نے خطہ کے عوام کو صحت کے شعبہ سے متعلقہ درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی اور سی پی ایس پی کی طرف سے بھرپور سرپرستی اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔سی پی ایس پی وفد نے ہیلتھ کانفرنس میں شرکت کے ساتھ ڈسٹرکٹ ہسپتال،سی ایم ایچ اور عبداللہ ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور فیلوز کے مسائل سنے اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا وعدہ کیا۔

متعلقہ عنوان :