ملکی ترقی میں تاجر برادری کا کردار انتہائی اہم ہے‘ برآمدکنندگان کے جائز مطالبات تسلیم کرینگے،گورنر پنجاب

ہفتہ 30 جولائی 2016 18:14

لاہور۔30 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جولائی ۔2016ء ) گورنر پنجاب محمد رفیق جوانہ نے کہا ہے کہ ملکی ترقی میں کاروباری برادری کا کردار انتہائی اہم ہے،ہم تاجروں‘ صنعتکاروں اور برآمدکنندگان کے مسائل سے آگاہ ہیں اور انکے جائز مطالبات تسلیم کرینگے تاکہ کاروبار ‘روزگار اور محاصل میں اضافہ ہو‘کاروباری برادری یکسوئی سے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر ے،انہوں نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم کی رہائشگاہ پر تاجر رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، گورنر نے کہا کہ صنعت ‘ زراعت اور ایکسپورٹ سیکٹرکو سہولت دینگے تاکہ وہ حریف ممالک سے مسابقت کے قابل ہو سکے، مختلف معاملات پرکاروباری برادری کے تحفظات سے حکومتی شخصیات کو آگاہ کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ملک بھر کی کاروباری برادری کے مسائل کے حل کیلئے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے جسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، موجودہ حکومت نے بہت کم وقت میں ملک کے معاشی حالت میں انقلاب برپا کر دیا ہے، توانائی کا بحران حل کرنے کیلئے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری‘ پاک چین اقتصادی راہداری‘گیس‘ کوئلے اور پنجاب میں ایل این جی سے چلنے والے3600 میگاواٹ کے تین بجلی گھروں کے منصوبے‘موجودہ ڈیموں کی اپ گریڈیشن‘ نئے ڈیموں کی تعمیر‘ زرمبادلہ کے مستحکم ذخائر اور افراط زر میں ریکارڈ کمی اس کے واضح ثبوت ہیں،قبل ازیں تاجر نمائندوں نے گورنر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :