کانگو وائرس کے خلاف تحریک التواء پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروادی گئی

کانگووائرس کے علاج کیلئے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں‘ سید وسیم اختر

ہفتہ 30 جولائی 2016 18:04

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) جماعت اسلامی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سیدوسیم اختر نے کانگووائرس کی مہلک بیماری کے خلاف تحریک التواء پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔جمع کروائی جانے والی تحریک التواء میں کہاگیا ہے کہ ’’ 30جولائی 2016کے مقامی اخبارات کی اشاعت کے مطابق ’’بہاولپور کانگو وائرس سے نرس کی ہلاکت کا انکشاف، تین ڈاکٹر بھی شکار ۔

(جاری ہے)

‘‘کانگو وائرس ایک مہلک بیماری ہے۔ جس کا بروقت علاج بہت اہمیت کا حامل ہے۔ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔بہاولپور کے واقعہ پر محکمہ صحت ، کمشنر اور ڈی سی او نے فوری طور پر احکامات جاری کیے ہیں اور متاثرہ لوگوں کو آغا خان ہسپتال سے علاج کروانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ حکومت کا یہ قدم قابل تحسین ہے۔لیکن اس مہلک بیماری کے پیش نظر اس بیماری کے علاج کے لیے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ غریب عوام فوری مستفید ہوسکیں۔ ایوان میں اس اہم مسئلہ کو زیر بحث لانے کی اجازت دی جائے۔